رسائی کے لنکس

میکسیکو کی مسلسل دوسری جیت، جنوبی کوریا کو 1-2 سے ہرا دیا


یہ رواں ورلڈ کپ کی 14ویں پنالٹی تھی جبکہ 2014ء میں پورے ورلڈ کپ کے دوران ٹیموں کو مجموعی طور پر 13پنالٹی ککس ملی تھیں

فٹبال ورلڈ کپ 2018ء میں گروپایف‘ میں میکسیکو نےجیت کے سلسلے کو برقرار رکھا اور جنوبی کوریا کو دو۔ایک سے ہرا کر ایونٹ میں مسلسل دوسری فتح حاصل کرلی۔ میکسیکو نے پہلے میچ دفاعی چمپئن جرمنی کو اپ سیٹ شکست دی تھی۔

میکسیکو نے میچ کے آغاز سے ہی حریف ٹیم کو دباؤ میں رکھا اور کھیل کے 26ویں منٹ مڈفیڈر کارلوس ویلا نے پنالٹی کک پر شاندار گول کے باعث ایک گول کی برتری حاصل کرلی۔

یہ رواں ورلڈ کپ کی 14ویں پنالٹی تھی جبکہ 2014ء میں پورے ورلڈ کپ کے دوران ٹیموں کو مجموعی طور پر 13پنالٹی ککس ملی تھیں۔

پہلے ہاف کے باقی وقت میں ہر ممکن کوشش کے باوجود کوئی بھی ٹیم مزید گول نہ کرسکی اور ہاف ایک گول سے میکسیکو کی برتری پر اختتام پذیر ہوا۔

دوسرے ہاف میں جنوبی کوریا کے کھلاڑیوں نے ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی کے امکانات کو برقرار رکھنے کی بھرپور کوشش کی اور حریف ٹیم کے گول پر حملے بھی کیے لیکن گول نہ کرسکے۔ اس دوران کوریا کے دفاعی کھلاڑیوں کم ینگ گون اور لی ینگ کو یلو کارڈ بھی دکھائے گئے۔

اس ورلڈ کپ میں جنوبی کوریا کے کھلاڑی مجموعی طوپر 46فائول کرچکے ہیں جو اب تک کسی بھی ٹیم کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہیں۔

66ویں منٹ میں میکسیکو کے اسٹرائیکر جیویئر ہرنانڈیز نے لوزانو کے پاس پر کوریائی گول کیپر کو چکما دے کر گیند گول میں پھینک کر برتری دگنی کردی، ہرنانڈیز کا اپنی ٹیم کی طرف سے مجموعی طور پر یہ 50واں گول ہے۔وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے میکسیکو کے پہلے فٹبالر بن گئے ہیں۔

جنوبی کوریا کے اسٹرائیکر سون ہیونگ ۔من نے میچ کے آخری لمحات میں گول کرکے حریف ٹیم کی برتری کم کرکے دو ۔ایک کردی اور اسی اسکور پرمیکسیکو کی جیت کے ساتھ میچ ختم ہوا۔

گروپ ’ایف‘ میں میکسیکو 6 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے، سوئیڈن کے تین پوائنٹس ہیں جبکہ جرمنی اور جنوبی کوریا اب تک کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کرسکے۔

XS
SM
MD
LG