رسائی کے لنکس

گلی بوائے: 'اپنا ٹائم آئے گا'


فلم گلی بوائے کا ایک منظر
فلم گلی بوائے کا ایک منظر

گلیوں میں بے کار پھرنے والے لڑکوں سے کسی کو بھی امیدیں نہیں ہوتیں۔ نہ اہل خانہ کو، نہ محلے داروں کو، اور نہ ہی دوستوں کو۔ کوئی گلی بوائے بڑا خواب دیکھے یا کچھ بڑا کر کے دکھانے کی کوشش کرے تو سب اس کا مذاق اڑاتے ہیں۔

ایسی ہی صورت حال کا سامنا کرنا پڑا ممبئی کی ایک کچی آبادی میں رہنے والے 22 سالہ مراد کو۔ وہ ایک کمرے کے تاریک مکان میں خاندان کے 5 افراد کے ساتھ رہتا ہے۔ باپ ڈرائیور ہے، جو بہت مشکل سے مراد کے کالج کا خرچہ برداشت کر رہا ہے۔ والد کی دوسری شادی کی وجہ سے خاندان ٹوٹ رہا ہے۔

مراد کی دوست سفینہ کا تعلق ذرا بہتر، مڈل کلاس خاندان سے ہے۔ وہ ایک باغی اور جذباتی لڑکی ہے لیکن پڑھنے میں اچھی ہے۔ وہ میڈیکل کی طالبہ ہے۔

مراد آئے دن گھر میں ہونے والے جھگڑوں سے پریشان ہے۔ غربت اور بری صحبت کی وجہ سے چوریاں بھی کرتا ہے۔ لیکن اس کے اندر تخلیقی جذبہ موجود ہے۔ وہ شاعری کرتا ہے اور ہپ ہاپ اور ریپ میوزک کا دلدادہ ہے۔

یہ کہانی ہے بولی ووڈ کی ایک نئی فلم گلی بوائے کی، جو گزشتہ ہفتے ریلیز ہوئی ہے۔

رنویر سنگھ نے مراد کا کردار نبھایا ہے جو ریپر بننا چاہتا ہے۔ عالیہ بھٹ نے سفینہ کا رول کیا ہے۔ جانی مانی زویا اختر اس فلم کی ہدایت کار ہیں۔ فلم میں رپیر کے روپ میں اہم کردار نئے اور بھرتے ہوئے اداکار سدھانت چترویدی نے نبھایا ہے۔

باکس آفس کلیکشن کے مطابق ’گلی بوائے‘ نے پہلے ہی ہفتے میں بھارت کے اندر اور بیرون ملک سو کروڑ کا بزنس کیا ہے۔

اس فلم کا ایک گیت ’’اپنا ٹائم آئے گا‘‘ بہت مقبول ہو رہا ہے۔ جو اس پوری فلم کا خلاصہ بیان کرتا ہے۔

فلمی ناقدین کے مطابق یہ ایک ایسی فلم ہے جس سے ہر شخص کہیں نہ کہیں خود کو جوڑ سکتا ہے۔ ان کے مطابق اس فلم میں مسلمانوں کی حقیقی ترجمانی کی گئی ہے۔ عام لوگ اپنے ریویوز میں کہہ رہے ہیں کہ یہ فلم دیکھنے کے دوران آپ کو کہیں بھی نہیں لگتا کہ آپ سچ مچ میں فلم ہی دیکھ رہے ہیں۔ کہانی حقیقی معلوم ہوتی ہے۔

یہ فلم رنویر سنگھ اور عالیہ بھٹ کے مداحوں کے دل تو جیت ہی رہی ہے، لیکن بالی ووڈ کی اہم شخصیات بھی سوشل میڈیا پر فلم کی تعریف کرتے نہیں تھک رہے۔

فلم ڈائریکٹر اور پروڈیوسر کرن جوہر جنہوں نے خود بھی سپر ہٹ فلمیں بنائی ہیں، وہ اپنی ایک ٹویٹ میں کہتے ہیں کہ اس فلم کی تعریف میں ٹویٹر پر جگہ کم پڑ رہی ہے اور یہ اس عشرے میں میری پسندیدہ فلم ہے۔

بالی اداکارا کیترینا کیف فلم کی ہدایت کار زویا اختر کی تعریف کرتے ہوئے لکھتی ہیں کہ فلم کی پوری کاسٹ بہترین ہے اور ان کی اداکاری بھی۔

فلم ڈائریکٹر اور پروڈیوسر انوراگ کیشپ کہتے ہیں کہ وہ ابھی اسی فلم کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔

بینڈ باجہ بارات سے لے کر اب تک رنویر سنگھ نے اب تک مختلف طرح کے کردار نبھائیں ہیں۔ لیکن فلمی ناقدین کا کہنا ہے کہ ’گلی بوائے‘ اب تک رنویر سنگھ کی سب سے بہترین فلم ہے۔

زویا اختر کے لئے بھی اچھی خبر یہ ہے کہ گلی بوائے نے ان کی گذشتہ فلم ’دل ڈھڑکنے دو‘ سے زیادہ کا بزنس کر لیا ہے۔

XS
SM
MD
LG