رسائی کے لنکس

بہترین فلم کا آسکر 'نومیڈ لینڈ' کے نام، کلوئی چاؤ بہترین ہدایت کارہ قرار


کلوئی چاؤ نے آسکر ایوارڈ اپنے نام کر کے نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ وہ یہ ایوارڈ جیتنے والی دوسری خاتون اور پہلی ایشین ہیں۔
کلوئی چاؤ نے آسکر ایوارڈ اپنے نام کر کے نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ وہ یہ ایوارڈ جیتنے والی دوسری خاتون اور پہلی ایشین ہیں۔

فلمی دنیا کے سب سے بڑے ایوارڈ آسکرز سال 2021 کے لیے بہترین فلم 'نومیڈ لینڈ' قرار پائی ہے جب کہ اسی فلم کی ہدایت کارہ کلوئی چاؤ کو بہترین ہدایت کارہ قرار دیا گیا ہے۔

کلوئی چاؤ نے آسکر ایوارڈ اپنے نام کر کے نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ وہ یہ ایوارڈ جیتنے والی دوسری خاتون اور پہلی ایشین ہیں۔

کلوئی چاؤ سے قبل امریکی ہدایت کارہ کیتھرین بگلو بہترین ڈائریکٹر کا آسکر اپنے نام کرنے والی پہلی خاتون تھیں جنہوں نے 2009 میں فلم 'دی ہارٹ لاکر' کے لیے یہ ایوارڈ حاصل کیا تھا۔

آسکرز کی سالانہ 93 ویں تقریب اتوار کو امریکہ کے شہر لاس اینجلس میں منعقد ہوئی۔

رواں برس آسکرز کے لیے بہترین فلم کی نامزدگیوں میں فلم دی فادر، جوڈس اینڈ دی بلیک مسائیا، منک، مناری، پرومسنگ ینگ وومن، ساؤنڈ آف میٹل، دی ٹرائل آف دی شکاگو 7 اور نومیڈ لینڈ شامل تھیں جس میں سے بہترین فلم کا ایوارڈ 'نومیڈ لینڈ' اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی۔

آسکرز میں بہترین اداکار کے لیے پاکستانی نژاد برطانوی اداکار رضوان احمد (رز احمد)، چیڈوِک بوس مین، اینتھونی ہاپکن، گیری اولڈ مین اور اسٹیون یون نامزد تھے جن میں سے بہترین اداکار کا ایوارڈ ڈرامہ فلم 'دی فادر' پر اینتھونی ہاپکنز کو دیا گیا۔

اداکار انتھونی ہاپکنز (دائیں)، اداکارہ جوڈی فوسٹر اور ڈائریکٹر جوناتھن ڈیم (بائیں)
اداکار انتھونی ہاپکنز (دائیں)، اداکارہ جوڈی فوسٹر اور ڈائریکٹر جوناتھن ڈیم (بائیں)

اسی طرح بہترین اداکارہ کا آسکر فرانسس میک ڈورمنڈ کے نام رہا جنہوں نے فلم 'نومیڈ لینڈ' میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔ بہترین اداکارہ کے آسکر کی دوڑ میں ان کا مقابلہ وائیولا ڈیوس، اینڈرا ڈے، وینیسا کربی اور کیری مولی گن کے ساتھ تھا۔

بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ یون یو جنگ کو امریکی کورین فیملی کے گرد گھومنے والی فلم 'مناری' کے لیے دیا گیا جب کہ بہترین معاون اداکار فلم 'جوڈس اینڈ دی بلیک مسائیا' کے لیے ڈینئیل کلوئیا قرار پائے۔

اوریجنل اسکرین پلے (مصنف کی جانب سے تخلیق کیا جانے والا کام جو مکمل طور پر اس کی اپنی سوچ پر مبنی ہو) کا ایوارڈ کامیڈی تھرل فلم 'پرومیسنگ ینگ وومن' کے نام رہا جب کہ ایڈاپٹڈ اسکرین پلے (ایسا اسکرپٹ جو کسی ناول، نیوز آرٹیکل یا پہلے سے موجود مواد سے اخذ ہو) کا آسکر ایوارڈ ڈرامہ فلم 'دی فادر' کو دیا گیا ہے۔

آسکرز کی 93 ویں سالہ تقریب میں بہترین انٹرنیشنل فیچر فلم کا ایوارڈ ڈرامہ کامیڈی فلم 'این ادر راؤنڈ' کے نام رہا جب کہ بہترین دستاویزی فیچر کا ایوارڈ 'مائے آکٹوپس ٹیچر' حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

آسکرز کی 93ویں تقریب امریکہ کے شہر لاس اینجلس میں منعقد ہوئی۔
آسکرز کی 93ویں تقریب امریکہ کے شہر لاس اینجلس میں منعقد ہوئی۔

بہترین اینی میٹڈ فیچر کا ایوارڈ کامیڈی ڈرامہ فلم 'سول' حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

اداکار رز احمد اپنی فلم 'ساؤنڈ آف میٹل' کے لیے بہترین اداکاری کا ایوارڈ تو حاصل کرنے میں کامیاب نہ رہے لیکن ان کی فلم 'ساؤنڈ آف میٹل' اچیومنٹ ان ساؤنڈ کا ایوارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی۔

اوریجنل سونگ کا آسکر فلم 'جوڈس اینڈ دی بلیک مسائیا' کے گانے 'فائٹ فار یو' کو ملا ہے۔ اس کیٹیگری کے لیے دی ٹرائل آف دی شکاگو 7 کا گانا 'ہیئر مائے وائس'، ون نائٹ ان میامی کا گانا 'اسپیک ناؤ'، دی لائف آ ہیڈ کا گانا 'سین' اور فلم 'یورو وژن سانگ کانٹسٹ: دی اسٹوری آف فائر ساگا' کا گانا 'ہوساویک' نامزد تھے۔

مختصر دستاویزی فلم کا آسکر 'کولیٹ' کے نام رہا۔ ایوارڈ کے لیے آ کنچیرٹو از آ کنورزیشن، ڈو نوٹ اسپلٹ، ہنگر وارڈ اور آ لو سانگ فار لتاشہ نامزد تھیں۔

مختصر اینی میٹڈ فلم کے ایوارڈ کے لیے نامزدگیوں میں اِف اینی تھنگ ہیپنز آئی لو یو، برؤ، جینئس لوسائی، اوپرا اور یس پیپل شامل تھیں جن میں سے 'اِف اینی تھنگ ہیپنز آئی لو یو' فاتح قرار پائی ہے۔

واضح رہے کہ آسکرز ایوارڈ جیتنے والوں کو اکیڈمی آف موشن پکچرز آرٹ اینڈ سائنسز کے نو ہزار ممبران چنتے ہیں۔ کرونا وائرس کی وجہ سے آسکرز کی سالانہ تقریب کو محدود رکھا گیا تھا جس کا انعقاد لاس اینجلس کے یونین اسٹیشن اور ڈوبلی تھیٹر میں منفرد انداز میں ہوا۔

XS
SM
MD
LG