رسائی کے لنکس

میرا ارمان ہے کہ سوات جاؤں :زرین خان


فلم سٹار زرین خان
فلم سٹار زرین خان

بالی ووڈ کی اداکارہ زرین خان کا کہنا کہ میری بہت خواہش ہے کہ پاکستان کے شمالی علاقے کی وادی سوات میں جاؤں، جہاں سے میرے نانا کا تعلق ہے۔

وائس آف امریکہ اردو سے اسکائپ پر ممبئی سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان کے نانا سوات سے ہیں اور وہ آزادی سے پہلے ہی بھارت آ گئے تھے۔

میرے نانا مجھے سوات علاقے کے بارے میں بتاتے رہتے تھے۔ میں نے ان کی پرانی تصاویر دیکھں تو معلوم ہوا کہ وہ بہت خوبصورت جگہ ہے۔ لیکن ابھی حالات ایسے نہیں کہ میں وہاں جا سکوں “۔

زرین خان کا کہنا ہے کہ ان کی دعا ہے کہ انڈیا اور پاکستان کے رشتے ٹھیک ہو جائیں اور وہ اپنے نانا کے علاقے سوات کا دورہ کر سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ اپنی مادری زبان کو زندہ رکھنا اگرچہ ضروری ہے، لیکن وہ پشتو کہ چند الفاظ ہی بول پاتی ہیں۔

“جب میری نانی زندہ تھی تو گھر میں کافی پشتو بولی جاتی تھی۔میری امی، خالائیں اور نانا نانی آپس میں پشتو میں بات کرتے تھے۔لیکن میں نے پشتو نہیں سیکھی۔”

زرین خان نے انٹرویو کے دوران کہا، “ میں پاکستان میں اپنے پشتون مداحوں سے کہوں گی“پخیر راغلے“۔

وائس آف امریکہ اردو سے بات کرتے انہوں نے بتایا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے نافذ لاک ڈاؤن کے دوران نے انہوں نے ایسے سارے کام کیے جو انہوں نے پہلے کبھی نہیں کیے تھے۔

“میں نے اس دوران کھانا پکانے سے لے کر گھر کی صفائی تک سارے کام کیے۔ اور معلوم ہوا کہ یہ سب کرنا کتنا مشکل ہے۔“

زرین خان نے بتایا کہ انہیں فلموں میں کام کرنے کا شوق بالکل نہیں تھا اور انہوں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ وہ فلم انڈسڑی کا حصہ بنیں گی۔ لیکن شاید قسمت کو کچھ اور ہی منظور تھا۔

“میں اس کے لیے ہمیشہ سلمان خان کی شکر گزار رہوں گی کہ ان کی وجہ سے میں فلم انڈسٹری میں آئی۔ میں انہیں ایک فین کی طرح ملی تھی۔ اور اسی دن مجھے اچانک پتہ چلا کہ وہ مجھے اپنی فلم 'ویر' کے لیے کاسٹ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کافی لڑکیوں کو اس فلم کے لیے آڈیشن کیا تھا، لیکن کوئی بھی انہیں پسند نہیں آیا تھا۔ لہٰذا وہ فلم مجھے مل گئی“۔

ابتدا میں زرین خان کو کترینا کیف کا ہم شکل کہا گیا۔ بالی ووڈ میں اپنے دس سالہ فلمی کیریئر میں اگرچہ زرین خان نے چند ہی فلمیں کی ہیں، لیکن ان فلموں کے ذریعے وہ اپنی چھاپ چھوڑنے میں کامیاب رہی ہیں اور متعدد ایوارڈ بھی حاصل کر چکی ہیں۔

ان کی مقبول ترین فلموں میں 'ہیٹ سٹوری تھری'، ریڈی، ہاؤس فل 2 اور جٹ جیمز بانڈ شامل ہیں۔

ان کی آنے والی فلموں میں “ہم بھی اکیلے تم بھی اکیلے“ شامل ہے۔۔ اس فلم میں انہوں نے ایک ہم جنس پرست لڑکی کا کردار نبھایا ہے۔

XS
SM
MD
LG