رسائی کے لنکس

logo-print

وائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ سے ایک شخص ہلاک، پانچ زخمی


(فائل فوٹو)

امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے ہیں، جب کہ فائرنگ کرنے والا ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق، فائرنگ کا واقعہ جمعرات کی شب تقریباً 10 بجے امریکی صدر کی رہائش گاہ وائٹ ہاؤس سے تین کلو میٹر کی دوری پر پیش آیا، جس میں ایک شخص کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔

میٹرو پولیٹن پولیس کمانڈر اسٹارٹ ایمرمین کے مطابق، کولمبیا روڈ پر رہائشی عمارت کے باہر پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں پانچ افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے دو کی حالت تشویش ناک ہے۔

اُن کے بقول، فائرنگ کرنے والے ملزم کو ابھی گرفتار نہیں کیا جا سکا، جس کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ تاہم، فائرنگ کا مقصد معلوم نہیں ہوسکا ہے۔

میٹرو پولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ عینی شاہدین سے پوچھ گچھ شروع کر دی گئی ہے اور جائے وقوعہ کے اطراف کے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزم کی شناخت کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر فائرنگ کے واقعے کے بعد کی تصاویر اور ویڈیوز شیئرز کی جا رہی ہیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ زخمیوں کو امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

کولمبیا روڈ کو سیکورٹی اہلکاروں نے عام افراد کی آمد و رفت کے لیے بند کر دیا ہے اور وہاں کسی کو جانے کی اجازت نہیں ہے۔

فیس بک فورم

XS
SM
MD
LG