رسائی کے لنکس

نیویارک: مذہبی تہوار 'حنوکاہ' کی تقریب میں حملہ، چاقو کے وار سے پانچ یہودی زخمی


Five wounded in stabbing at New York rabbi's house
Five wounded in stabbing at New York rabbi's house

امریکہ کے شہر نیویارک میں نامعلوم شخص نے یہودیوں کے ایک مذہبی پیشوا کے گھر میں گھس کر پانچ افراد کو چاقو کے وار سے زخمی کر دیا۔ حکام کے مطابق زخمی ہونے والے تمام افراد یہودی تھے۔

واقعے کے وقت مذہبی پیشوا کے گھر میں یہودیوں کے قدیم تہوار 'حنوکاہ' کی تقریب جاری تھی۔

حنوکاہ اسرائیل میں ایک عبادت گاہ کی تعمیر کے سلسلے میں دنیا بھر میں ہر سال منایا جاتا ہے۔ اسے 'روشنیوں کا تہوار' بھی کہا جاتا ہے۔ تہوار کی تقریبات 8 روز تک جاری رہتی ہیں۔

فرانس کے خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

آرتھوڈوکس یہودی پبلک افیئرز کونسل (او جے پی اے سی) نے ایک ٹوئٹ کے ذریعے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس سلسلے میں ایک مشکوک شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے جب کہ پولیس نے ایک گاڑی کو بھی قبضے میں لیا ہے۔

نیو یارک کے گورنر اینڈریو کوومو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ٹاسک فورس کو تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔ انہوں نے اس اقدام کو حقیر اور بزدلانہ فعل قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہودیوں کے خلاف پر تشدد کارروائی کی کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی۔ حملہ آور جلد قانون کی گرفت میں ہوگا۔

نیویارک کے میئر بل ڈی لییسیو کا کہنا ہے کہ نفرت آنگیز جرائم میں اضافے کے بعد یہودیوں کے رہائشی علاقوں میں پولیس کا گشت بڑھا دیا گیا ہے جب کہ مختلف حفاظتی انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں۔

ادھر امریکی نشریاتی ادارے 'سی بی ایس' کی رپورٹ کے مطابق جس علاقے ’مونسے‘ میں یہ واقعہ پیش آیا ہے وہاں یہودی بڑی تعداد میں آباد ہیں جب کہ جس گھر میں حادثہ پیش آیا وہ یہودیوں کے ایک مذہبی پیشوا یعنی 'ربی' کا گھر ہے۔

گھر میں حنوکاہ کا جشن جاری تھا اور وہاں درجنوں افراد موجود تھے۔

حملوں میں اضافہ

حملہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب امریکی پولیس یہودیوں کے خلاف ہونے والی پرتشدد کاروائیوں اور حملوں کو روکنے کے لیے اپنی تمام کوششیں بروکار لا رہی ہے۔

پچھلے سال ایک سفید فام شخص نے پِٹسبرگ میں یہودیوں کی عبادت گاہ 'سائناگوگ' میں گھس کر 11 افراد کو ہلاک کردیا تھا۔

یہ واقعہ امریکہ میں یہودیوں کے خلاف ہونے والا اب تک کا سب سے مہلک حملہ شمار ہوتا ہے۔

رواں ماہ کے شروع میں بھی اسی قسم کا ایک واقعہ نیو جرسی میں پیش آیا تھا جس میں ایک شخص نے فائرنگ کرکے 6 افراد کو ہلاک کردیا تھا۔

'اینٹی ڈی فیمیشن لیگ' کی رواں سال اپریل میں جاری ہونے والی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2018 میں ہونے والے حملوں کی تعداد 2017 میں پیش آنے والے واقعات کے قریب قریب تھی۔ رپورٹ میں ان حملوں کی مجموعی تعداد 1879 بتائی گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG