رسائی کے لنکس

5 سالہ بچہ ہائی وے پر گاڑی چلاتے ہوئے پکڑا گیا


امریکی ریاست یوٹاہ کا ہونہار لڑکا ایڈرین پیر کو اپنے والدین کی فور وہیلر میں کیلی فورنیا کے لیے روانہ ہوا۔ اس کا ارادہ لیمبورگھینی کار خریدنے کا تھا۔

یوٹاہ ہائی وے پیٹرول پولیس نے جب ایڈیرن کو روکا تو وہ اس وقت تک اوگڈین میں اپنے گھر سے نکل کر کئی میل دور ہائی وے پر پہنچ چکا تھا۔ اسے روکنے کی وجہ تیز رفتاری یا کوئی حادثہ نہیں تھا۔ وہ تیس میل فی گھنٹا کی رفتار سے گاڑی چلا رہا تھا اور لینز بھی بدل رہا تھا۔ پولیس کے اشارے پر اس نے گاڑی بھی روک لی۔

مسئلہ محض اتنا تھا کہ ایڈرین کی عمر صرف 5 سال ہے۔

ایڈرین نے پولیس کو صاف صاف بتا دیا کہ اس کا گھر میں ماں سے جھگڑا ہوگیا تھا جو اسے لیمبورگھینی خرید کر دینے کو تیار نہیں تھی۔ وہ غصے میں اکیلا ہی گھر چھوڑ کے نکل پڑا تاکہ اپنی پسند کی گاڑی خود خرید سکے۔

لیمبورگھینی کا شمار مہنگی کار کمپنیوں میں کیا جاتا ہے۔ اس کی سب سے سستی کار لیمبورگھینی اوروس کے نئے ماڈل کی قیمت 2 لاکھ 7 ہزار ہے۔ ایڈرین کے پاس گاڑی خریدنے کے لیے رقم کچھ کم تھی۔ یعنی تین ڈالر۔

یوٹاہ پیٹرول پولیس نے ٹوئیٹر پر یہ دلچسپ واقعہ بیان کیا اور ایڈرین کا چہرہ دھندلا کرکے تصویر بھی پوسٹ کی جو بیان کردہ عمر سے کچھ بڑا معلوم ہو رہا ہے۔ اس نے گرے اپر اور چیک والا شارٹ پہنا ہے اور ڈرائیونگ سیٹ پر ہاتھ باندھے بیٹھا ہے۔

پولیس نے ایڈرین کو کوئی سزا نہیں دی اور گھر پہنچا دیا۔ یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ گھریلو جھگڑے کا انجام کیا ہوا اور اسے رات کا کھانا ملا یا نہیں؟

XS
SM
MD
LG