رسائی کے لنکس

بھارت: بنارس میں زیرِ تعمیر فلائی اوور منہدم، 16 ہلاک


یہ حادثہ کینٹونمنٹ علاقہ کے ریلوے اسٹیشن کے نزدیک اس وقت پیش آیا جب پل کا ایک حصہ وہاں موجود لوگوں پر، جو کہ خیال کیا جاتا ہے مزدور تھے، گر گیا۔ ملبے کے نیچے دب کر ایک منی بس اور چار گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔

اترپردیش کے بنارس میں منگل کی شام کو ایک زیر تعمیر فلائی اوور کے منہدم ہو جانے سے کم از کم 16 افراد ہلاک ہو گئے۔ 50 افراد کے ملبے میں دبے ہونے کا اندیشہ ہے۔

یہ حادثہ کینٹونمنٹ علاقہ کے ریلوے اسٹیشن کے نزدیک اس وقت پیش آیا جب پل کا ایک حصہ وہاں موجود لوگوں پر، جو کہ خیال کیا جاتا ہے مزدور تھے، گر گیا۔

ملبے کے نیچے دب کر ایک منی بس اور چار گاڑیاں تہس نہس ہو گئیں۔

ریاست کے ڈی جی پی او۔ پی۔ سنگھ کے مطابق یہ حادثہ انتہائی افسوسناک ہے۔ این ڈی آر ایف کی ٹیم جائے حادثہ پر پہنچ گئی ہے اور امدادی کام شروع ہوگیا ہے۔ تمام ایمرجنسی خدمات کو کام میں لایا گیا ہے۔ ریلیف اور بچاؤ کے کام میں آسانی کے لیے ٹریفک روٹس بدل دیے گئے ہیں۔

پولیس کے جائے حادثہ پر تاخیر سے پہنچنے کی وجہ سے مقامی باشندوں میں غم و غصہ ہے۔

صدر رام ناتھ کووند، وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ سے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا ہے کہ انھوں نے وزیر اعلی سے بات کی ہے۔ ریاستی حکومت ریلیف کے کاموں کی نگرانی کر رہی ہے۔ نائب وزیر اعلی کیشو پرساد موریہ جائے حادثہ کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔

  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG