رسائی کے لنکس

برنسن کی رہائی ''بہت اچھا قدم ہے'': ٹرمپ


رہائی کے بعد، ترکی میں دو سال قید رہنے والے امریکی پادری ہفتے کی شام اوول آفس میں امریکی صدر سے ملے اور ڈونالڈ ٹرمپ کو ''مافوق الفطرت دانشمندی'' عطا ہونے کی دعا کی۔

ایوینجلیکل عقیدے کےمسیحی، اینڈریو برنسن نے اپنی رہائی کے حصول کے لیے امریکی حکومت کی جانب سے ترکی پر ٹھوس دبائو ڈالنے پر اظہار تشکر کیا۔

اپنے اہل خانہ کے ہمراہ، برنسن نے کہا کہ ''ہم انتظامیہ کا خصوصی شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں۔ آپ نے ہمارے لیے کوشش کی''۔

ٹرمپ نے کہا کہ ''چوبیس گھنٹے کے اندر ترک قید خانے سے وائٹ ہائوس پہنچنا۔ کوئی عام بات نہیں''۔

اردوان کا شکریہ

یہ کہتے ہوئے کہ تاوان ادا نہیں کیا گیا، برنسن کی رہائی پر ٹرمپ نے ترک صدر رجب طیب اردوان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

جمعے کے روز سنسناتی میونسپل ایئرپورٹ پر برنسن کی رہائی سے متعلق 'وائس آف امریکہ' کے سوال پر، ٹرمپ نے کہا تھا کہ ''ہم نے ترکی سے بات کی، اور ایک طریقہ کار سے گزرنے کے بعد ہم نے اُنھیں آزاد کرا لیا۔ ہم کافی عرصے سے اُن کی رہائی کے لیے کوشاں رہے''۔

برنسن کی رہائی سے امریکہ اور ترکی کے درمیان جاری تلخ سفارتی تنازع ختم ہوا۔ اگر برنسن کو دہشت گردی اور جاسوسی کے الزامات کے تحت سزا ہوتی تو اُنھیں 35 برس قید ہو سکتی تھی، جن الزامات کو امریکہ بے بنیاد قرار دیتا رہا۔

اوول آفس میں، ٹرمپ نے کہا کہ اس معاملے کا حل امریکہ ترک تعلقات کے لیے ''بہت اچھا قدم ہے''۔

ہفتے کے روز ٹرمپ کے نام اپنے ٹوئیٹ میں، اردوان نے کہا کہ ترک عدالت نے آزادانہ فیصلہ کیا؛ اور اس توقع کا اظہار کیا کہ امریکہ کے ساتھ تعاون جاری رہے گا۔

فیس بک فورم

XS
SM
MD
LG