رسائی کے لنکس

فواد حسن فواد گرفتار، جمعے کو احتساب عدالت میں پیش ہوں گے


قومی احتساب بیورو نے سابق وزیر اعظم کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کو گرفتار کر لیا ہے۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کے لاہور آفس نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کو گرفتار کر لیا ہے۔ فواد حسن فواد کو جمعرات کے روز نیب لاہور نے مختلف مقدمات میں مبینہ طور پر بدعنوانی کے الزام پر طلب کر رکھا تھا۔ وہ جمعرات کی سہ پہر نیب لاہور آفس میں پیش ہوئے تو نیب اہلکاروں نے انہیں گرفتار کیا۔

ترجمان نیب محمد ذیشان کے مطابق، فواد حسن فواد سے آشیانہ ہاؤسنگ اقبال کیس کے سلسلے میں سوالات کیے گئے، جن کے وہ مناسب جواب نہ دے سکے جس پر انہیں گرفتار کر کے نیب دفتر میں واقع حوالات منتقل کر دیا گیا ہے۔

محمد ذیشان کے مطابق، ’’فواد حسن فواد نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم کا ٹھیکہ من پسند افراد کو دے کر مجموعی طور پر خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا‘‘۔

ترجمان کے مطابق، ’’فواد حسن فواد نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے نو سی این جی اسٹیشنوں کی منظوری دی، اور سرکاری اجازت کے بغیر نجی بنک میں غیر قانونی طور پر ستمبر سنہ 2005ء سے جولائی سنہ 2006ء تک نوکری کی‘‘۔

ترجمان کے بقول، ’’حسن فواد نے انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کو چھپایا، رپورٹ میں چوہدری لطیف اینڈ سنز کو پیپرا رولز کے مطابق کنٹریکٹ دینا قرار دیا گیا تھا۔ کنٹریکٹ کی غیر قانونی منسوخی سے حکومت کو پچاس لاکھ نوے ہزار روپے ٹھیکدار کو دینا پڑے۔ جس سے ٹھیکے کی غیر قانونی منسوخی سے منصوے میں تاخیر ہوئی، اور اس کی لاگت اربوں روپے بڑھ گئی۔ فواد حسن فواد نے بطور سیکریٹری صحت پنجاب مہنگے نرخ پر چھ موبائل ہیلتھ یونٹس خریدے‘‘۔

پنجاب حکومت نے 2013ء میں کم آمدنی والے سرکاری ملازمین کو گھر فراہم کرنے کے لیے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی میں آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم بنانے کا منصوبہ بنایا تھا۔ فواد حسن فواد اس وقت پنجاب میں سیکریٹری عملدرآمد کمیشن تھے اور ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ٹھیکہ لینے والی لطیف اینڈ سنز کمپنی کو دباؤ میں لا کر اپنی پسندیدہ کمپنی کاسا ڈیولپرز کو اس کا ٹھیکہ دیا تھا۔

فواد حسن فواد دو سابق وزیر اعظم نوازشریف اور شاہد خاقان عباسی کے پرنسپل سیکریٹری رہ چکے ہیں۔ وہ اس وقت ڈی جی سول سروسز اکیڈمی ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ فواد حسن فواد کو نیب نے گیارہ مرتبہ مختلف کیسز کی انکوائری میں طلب کیا، لیکن وہ صرف چار مرتبہ پیش ہوئے۔ جنھیں آج بیان ریکارڈ کر کے حوالات میں بند کر دیا گیا ہے۔ فواد حسن فواد کو جمعہ کے روز احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG