رسائی کے لنکس

گال ٹیسٹ میں سری لنکا کو شکست، دو میچز کی سیریز 0-2 سے انگلینڈ کے نام


فائل فوٹو
فائل فوٹو

انگلینڈ نے سری لنکا کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں چھ وکٹوں سے شکست دے کر دو میچز کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کر لی ہے۔

گال انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ کے چوتھے روز سری لنکا کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 126 رنز پر ڈھیر ہو گئی جس کے بعد مہمان انگلینڈ کو جیت کے لیے صرف 164 رنز کا ہدف ملا ہے۔

سری لنکا نے پہلی اننگز میں 381 رنز بنائے تھے جب کہ انگلینڈ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 344 رنز بنا سکی تھی۔

میچ اور سیریز جیتنے کے لیے انگلش ٹیم کو ملنے والا ہدف مہمان ٹیم کے بلے بازوں نے چار وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

ڈوم سبلی نے 56 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جب کہ وکٹ کیپر بلے باز جوز بٹلر 46 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

زیک کرالی 13، جونی برسٹو 29، کپتان جو روٹ 11 اور ڈین لارینس دو رنز بنا چلتے بنے۔ سری لنکا کی جانب سے لیستھ ایمبولڈینیا نے تین اور رمیش مینڈس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ اور سیریز میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر انگلش کپتان جو روٹ 'مین آف دی میچ' اور 'مین آف دی سیریز' کے حق دار قرار پائے۔

سری لنکن بیٹنگ

اس سے قبل سری لنکا کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 126 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔ انگلش بالروں کی جانب سے شان دار بالنگ کا مظاہرہ کیا گیا اور کوئی بھی بلے باز بڑا اسکور نہ کر سکا۔

لیستھ ایمبلڈینیا 40 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ رمیش مینڈس 16، کشال پریرا 14 اور لہیرو تھرمانے 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ چھ بیٹسمین ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔

انگلش ٹیم کے اسپنر ڈوم بیس اور جیک لیچ نے چار، چار وکٹیں حاصل کیں۔

XS
SM
MD
LG