رسائی کے لنکس

امریکہ میں سونیا گاندھی کی کامیاب سرجری


امریکہ میں سونیا گاندھی کی کامیاب سرجری
امریکہ میں سونیا گاندھی کی کامیاب سرجری

گاندھی کی ملک سے عدم موجودگی کے دوران چارافراد پر مشتمل ایک کمیٹی پارٹی امور پر نظر رکھے گی جن میں ان کا بیٹا راہول بھی شامل ہے۔

بھارت کی حکمران جماعت کی راہنما سونیا گاندھی اپنے ایک آپریشن کے لیے امریکہ میں ہیں جہاں انکی کامیاب سرجری ہوئی ہے۔ تاہم سرجری کی نوعیت کے بارے میں سرکاری یا غیر سرکاری طور پر کچھ نہیں بتایا گیا۔

حکمران جماعت کے ترجمان جنارھن دویودی نے جمعرات کو نامہ نگاروں کو بتایا کہ سونیا گاند ھی دو سے تین ہفتوں تک ملک سے باہر رہ سکتی ہیں۔ انہوں نے امریکہ یا کسی شہر کا نام نہیں لیا۔ تاہم بھارتی میڈ یا کی رپورٹس کے مطابق سونیا گاندھی کا آپریشن نیویارک کے ایک اسپتال میں ہوا ہے۔

ترجمان نے آپریشن کی نوعیت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا ۔

دویودی نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ گاندھی کی ملک سے عدم موجودگی کے دوران چارافراد پر مشتمل ایک کمیٹی پارٹی امور پر نظر رکھے گی جن میں ان کا بیٹا راہول بھی شامل ہے۔

راہول کو عموماً مستقبل کے وزیر اعظم کے طورپر دیکھا جاتا ہے۔

اٹلی میں پیدا ہونے والی سونیا گاندھی کی عمر 64 سال ہے اور انہیں بھارت کی سب سے طاقت ور سیاسی شخصیت سمجھا جاتا ہے۔ وہ اس وقت بھارت کے اس سیاسی گھرانے کی سب سے اہم شخصیت ہیں جس نےانگریزوں سے آزادی کے بعد بھارت پر زیادہ تر حکومت کی ہے۔

وہ بھارت کے سابق وزیر اعظم راجیوگاندھی کی بیوہ ہیں۔ ان کی ساس اندرا گاندھی تھیں ، جنہیں 1984ء میں اس وقت قتل کردیا گیا تھا جب وہ ملک کی وزیر اعظم تھیں۔ جب کہ اندرا گاندھی کے والد جواہر لعل نہرو بھارت کے پہلے وزیر اعظم تھے۔

2004ء کے انتخابات میں گانگریس پارٹی کی فتح کے بعد سونیا گاندھی سے وزیر اعظم بننے کے لیے کہا گیا تھا ، مگر انہوں نے انکار کردیا تھا۔

XS
SM
MD
LG