رسائی کے لنکس

انگیلا مرخیل سال کی اہم ترین شخصیت قرار


فائل
فائل

مرخیل گزشتہ 29 برسوں میں 'ٹائم' کی جانب سے سال کی شخصیت کا اعزاز حاصل کرنے والی پہلی واحد خاتون ہیں۔

معروف جریدے 'ٹائم' نے جرمنی کی چانسلر انگیلا مرخیل کو 2015ء کا "پرسن آف دی ایئر' قرار دیا ہے۔

بدھ کو جریدے کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک بیان کے مطابق مرخیل کا انتخاب شامی مہاجرین کی یورپ آمد سے پیدا ہونے والے حالیہ بحران اور اس سے قبل یورپی یونین میں کرنسی کے معاملے پر پیدا ہونے والی مشکل صورتِ حال میں قائدانہ کردار ادا کرنے پر کیا گیا ہے۔

بیان میں 'ٹائم' کی مدیرۂ منتظم نینسی گِبس کا کہنا ہے کہ 61 سالہ انگیلا مرخیل نے اس وقت ناگزیر اور قائدانہ کردار ادا کیا جب یورپ ایسے بحرانوں میں گھرا ہوا تھا جن کے سبب براعظم کے مستقبل میں متحد رہنے کے امکانات پر سوال اٹھ رہے تھے۔

اپنے بیان میں نینسی گِبس نے جریدے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ بحرانوں کے دوران جرمن چانسلر نے دوسرے رہنماو ٔں سے کہیں بڑھ کر ایثار کا مظاہرہ کیا اور ایک ایسے وقت میں اخلاقی قدروں پر ڈٹے رہ کر قائدانہ کردار ادا کیا جب دنیا میں ایسے کردار کی شدید قلت تھی۔

'ٹائم' کی جانب سے 'پرسن آف دی ایئر' قرار دیے جانے کے خبر پر انگیلا مرخیل کے ترجمان نے کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ جرمن چانسلر اس اعزاز پر خوش ہوں گی۔

مرخیل پہلی بار 2005ء میں جرمنی کی پہلی خاتون چانسلر منتخب ہوئی تھیں اور انہیں روئے ارض پر سب سے طاقت ور ترین سیاست دان بھی کہا جاتا رہا ہے۔

'ٹائم' میگزین کے بیان میں یوکرین میں روس کی مداخلت پر مغربی ملکوں کے ردِ عمل کی قیادت کرنے اور شام سے آنے والے پناہ گزینوں کے لیے جرمنی کےدروازے کھولنے پر چانسلر مرخیل کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔

بیان کے مطابق 'ٹائم' کی جانب سے 'پرسن آف دی ایئر' کے لیے جن شخصیات کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا ان میں امریکی صدارتی انتخاب میں ری پبلکن پارٹی کے ٹکٹ کے امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ اور شدت پسند تنظیم داعش کے سربراہ ابو بکر البغدادی شامل تھے۔

مرخیل گزشتہ 29 برسوں میں 'ٹائم' کی جانب سے سال کی شخصیت کا اعزاز حاصل کرنے والی پہلی واحد خاتون ہیں۔

XS
SM
MD
LG