رسائی کے لنکس

سال 2019 میں طیارہ حادثات میں 50 فی صد کم اموات ہوئیں: رپورٹ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ہوا بازی سے متعلق تحقیق کرنے والے ایک ادارے نے کہا ہے کہ 2019 میں فضائی حادثات میں ہونے والی اموات میں واضح حد تک کمی واقع ہوئی ہے۔ سال 2018 کے مقابلے میں 2019 میں ہونے والی ہلاکتیں نصف سے بھی کم رہی ہیں۔

خبر رساں ادارے 'اے پی' کے مطابق کمرشل مسافر طیاروں کے حادثات اور ان میں ہونے والی ہلاکتوں کے یہ اعداد و شمار 'دی ٹو70' نامی ایک ادارے نے بدھ کو اپنی رپورٹ میں جاری کیے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق 2019 میں مسافر طیاروں کے حادثات میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد میں تقریباً 50 فی صد کمی واقع ہوئی ہے۔ گزشتہ سال آٹھ مسافر طیاروں کے حادثات ہوئے جن میں 257 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

دوسری جانب 2018 میں مسافر طیاروں کے 13 حادثات میں ہلاک ہونے والے افراد کی کل تعداد 534 رہی تھی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2019 میں ہلاکتوں کی تعداد مزید کم ہو سکتی تھی اگر دسمبر کے اواخر میں قازقستان میں طیارہ حادثہ نہ ہوا ہوتا۔

یاد رہے کہ گزشتہ جمعے کو قازقستان میں ایک مسافر طیارہ پرواز کے کچھ سیکنڈز بعد ہی گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ اس حادثے میں 12 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

رپورٹ میں سال 2019 کا سب سے افسوس ناک حادثہ ایتھوپین ایئرلائن کے بوئنگ 737 میکس طیارہ حادثے کو قرار دیا گیا ہے۔ یہ مسافر طیارہ 10 مارچ کو تباہ ہوا تھا جس میں 157 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

رپورٹ کے مطابق 2018 اور 2019 میں ہونے والے حادثات کی وجہ سے جہاں ایک طرف بوئنگ 737 میکس طیاروں کو گراؤنڈ کرنا پڑا۔ وہیں ان حادثان نے ہوا بازی سے متعلق انتظامیہ کی کارکردگی پر بھی پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بڑے کمرشل جہازوں میں جان لیوا حادثات کی شرح 2019 میں کم ہو کر 0.18 حادثات فی دس لاکھ پروازوں پر آ گئی ہے۔ سال 2018 میں دس لاکھ پروازوں میں سے 0.30 کی شرح سے حادثات ہوئے تھے۔ یعنی رواں سال ہر پانچ لاکھ 50 ہزار پروازوں کے بعد ایک پرواز حادثے کا شکار ہوئی۔

اعداد و شمار پر مبنی اس رپورٹ میں زور دیا گیا ہے کہ عالمی ہہوا بازی کی صنعت کو اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ وہ صرف بہترین ڈیزائن اور بناوٹ کے جہازوں کو ہی فضائی سفر کی اجازت دے جنہیں انتہائی تربیت یافتہ عملہ آپریٹ کرے۔

رپورٹ کے مطابق اگرچہ گزشتہ برس فضائی حادثوں میں کم افراد ہلاک ہوئے ہیں لیکن اس کے باوجود یہ تعداد 2017 کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے۔ سال 2017 میں مسافر طیاروں کے صرف دو حادثات ہوئے تھے جن میں 13 اموات ہوئی تھیں۔

خیال رہے کہ مذکورہ رپورٹ صرف بڑے کمرشل مسافر طیاروں کے حادثات سے متعلق ہے۔ اس میں چھوٹے جہاز، فوجی یا جنگی طیاروں، کارگو فلائٹس اور ہیلی کاپٹروں کے حادثات شامل نہیں کیے گئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG