رسائی کے لنکس

گولڈن گلوب ایوارڈز، نیٹ فلکس 42 نامزدگیوں کے ساتھ سرِفہرست


کرونا وبا کے باعث گولڈن گلوب ایوارڈز کی تقریب 28 فروری کو آن لائن منعقد کی جائے گی۔
کرونا وبا کے باعث گولڈن گلوب ایوارڈز کی تقریب 28 فروری کو آن لائن منعقد کی جائے گی۔

آسکرز کے بعد دنیا کے سب سے بڑے ایوارڈز سمجھے جانے والے گولڈن گلوب ایوارڈز 2021 کے لیے نامزدگیوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

کرونا وبا کی وجہ سے 78 ویں گولڈن گلوب ایوارڈز کے لیے نامزدگیوں کا اعلان بدھ کو ورچوئل یعنی آن لائن کیا گیا۔

ہالی وڈ کی تاریخ پر بنائی گئی فلم 'منک' چھ کیٹیگریز کے ایوارڈز کے لیے نامزد کی گئی ہے جب کہ برطانوی ویب سیریز 'دی کراؤن' ٹیلی ویژن کیٹیگری میں سب سے زیادہ نامزدگیاں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

جن کیٹگریز میں نامزدگیاں کی گئی ہیں ان میں بہترین فلم کے لیے 'منک'، 'دی فادر'، 'نومڈلینڈ'، 'پرومیسنگ ینگ وومن'، اور 'دی ٹرائل آف دی شکاگو سیون' شامل ہیں۔

بہترین ادکارہ کی کیٹیگری میں وائلا ڈیوش کو فلم (Ma Rainey's Black Bottom) اینڈرا دے کو (The United States vs. Billie Holiday) وینیسا کربی کو (Pieces of a Woman) فرانسیس میک ڈورمیڈ (Nomadland) کیری ملیگن کو فلم (Promising Young Woman) میں نامزد کیا گیا ہے۔

بہترین اداکاروں کی کیٹیگری میں پاکستان نژاد برطانوی اداکار رز احمد کو امریکی ڈرامہ فلم (Sound of Metal) چیڈوک بوسمین کو فلم (Ma Rainey's Black Bottom) انتھونی ہاپکنز کو (The Father) گیری اولڈ مین کو فلم (Mank) الجیرین نژاد فرانسیسی ادکار طاہر رحیم کو (The Mauritanian) کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

کرونا وبا کی وجہ سے ایوارڈ کی تقریب پہلے ہی دو ماہ تاخیر کا شکار ہوئی ہے۔ اب یہ تقریب 28 فروری کو آن لائن منعقد کی جائے گی۔

'منک' کو بہترین فلم، فلم میں بہترین اداکار کے لیے گیری اولڈ مین، بہترین ہدایت کار ڈیوڈ فنچر، بہترین معاون اداکارہ امینڈا سیفرائیڈ جب کہ بہترین اسکرین پلے کیٹیگری کے لیے بھی نامزدگی ملی ہے۔

گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی 'نیٹ فلکس' کی فلمیں اور ٹی وی سیریز 42 نامزدگیاں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔ 22 نامزدگیاں فلم جب کہ 20 ٹیلی ویژن کے لیے ہوئی ہیں۔

برطانوی ویب سیریز 'دی کراؤن' کا چوتھا سیزن چھ کیٹیگریز میں نامزدگیاں حاصل کرنے میں کامیاب رہا جن میں بہترین سیریز، ڈرامہ سمیت بہترین اداکاری کے ایوارڈز کے لیے بھی نامزدگیاں ہوئی ہیں۔

ایمیزون اسٹوڈیوز کو فلموں کے لحاظ سے سات نامزدگیاں ملی ہیں۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق بہترین اداکاری کی کیٹیگری میں ایوارڈز کے لیے نامزد ہونے والے 30 افراد غیر سفید فام ہیں جن میں پاکستانی نژاد برطانوی اداکار رز احمد بھی شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG