رسائی کے لنکس

برونو مارس نے گریمی ایوارڈز کا میدان مار لیا


برونو مارز پریس کے کمرے میں اپنے ایوارڈز کے ساتھ
برونو مارز پریس کے کمرے میں اپنے ایوارڈز کے ساتھ

نیو یارک کےمیڈیسن اسکوائر گارڈن نے میزبانی کی 60 ویں گریمی ایوارڈز کی رنگا رنگ شام کی جس میں میوزک انڈسٹری کے بڑے بڑے اسٹارز کی پرفارمنسز نے تقریب کو چار چاند لگا دئیے۔

گریمی ایوارڈز میں برونو مارس چھ ایوارڈز جیت کر چھا گئے۔ ایوارڈز کی جنگ میں برونومارس کا 'دیٹس واٹ آئی لائیک' سال کا بہترین گانا قرار پایا۔

برونو نے اپنے البم '24 کے میجک' کے لئے بہترین البم اور ریکارڈ کی گریمی ٹرافی بھی اپنے نام کی۔ برونو مارس 14 سال بعد بہترین البم کا گریمی جیتنے والے پہلے ہپ ہاپ آرٹسٹ بن گئے۔ انہوں نے یہ اعزاز پانے کے لئے کینڈرک لیمر اور جے زی جیسے آرٹسٹوں کو پیچھے چھوڑا۔

کینڈرک لیمر جنہیں جدت پسند ریپرکہا جاتا ہے، انہوں نے پانچ گریمی ایوارڈ حاصل کئے۔ لیمر نے زیادہ تر ایوارڈ ریپ کیٹگری میں جیتے جس میں بہترین ریپ البم ڈیم اور گانا ہمبل شامل ہیں۔

جے زی کو آٹھ کیٹیگریز میں نامزد کیا گیا تھا لیکن وہ ایک گریمی بھی نہ جیت سکے۔ جے زی نے تین گھنٹے جاری ایوارڈز کی تقریب میں پرفارم بھی نہیں کیا۔

بہترین سولو پاپ اور بہترین پاپ ووکل البم کے ایوارڈ ایڈ شیرن نے ’شیپ آف یو‘ اور ڈیوائیڈ کے لئے جیتے۔ ایلیزا کارا کو بہترین نئی آرٹسٹ کا گریمی دیا گیا۔ بہترین فلم میوزک کا ایوارڈ دی ڈی فینٹ ونز نے اپنے نام کیا۔

بہترین میوزک ویڈیو کینڈرک لیمر کی ہمبل قرار پائی تو بہترین ریپ پرفارمنس کا ایوارڈ بھی کینڈرک لیمر اور رییانا کی لائلٹی پردیا گیا۔ بہترین راک البم دی وار آن ڈرگز، اے ڈیپر انڈرسٹینڈگ رہا۔ بچوں کا بہترین ابلم لیزا لوئب کا فِیل واٹ یو فِیل قرار پایا۔

لیڈی گاگا، مائلی سائرس، لانا ڈیل رے اور دوسرے سیلبریٹیز نے خواتین پر جنسی تشدد اور ہراساں کئے جانے کے خلاف مہم میں شرکت کی علامت کے طور پر سفید گلاب کا پھول ملبوسات پر لگا کر شرکت کی۔ رییانا،مائلی سائرس اور میوزک کی دنیا کے دوسرے بڑے ناموں کی دھماکے دار پر فارمنسز نے تقریب کو مزید جاندار بنا دیا۔

ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن نے خصوصی طور پر ایک سیگنمنٹ میں شرکت کی اور صدر ٹرمپ پر لکھی گئی کتاب فائر اینڈ فیوری کے اقتباسات پڑھ کر سنائے تو تقریب تالیوں سے گونج اٹھی اور شرکا نے کھڑے ہوکر ہلیری کلنٹن کو داد دی۔

سیگمنٹ میں شرکت کے لیے مختلف سیلبرٹیز کے آڈیشنز لئے گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG