رسائی کے لنکس

اومیکرون کا سایہ، گریمی ایوارڈز کی تقریب بھی ملتوی


سنگر اڈیل لاس اینجلیس میں منعقدہ 59ویں سالانہ گریمی ایوارڈز میں شرکت کرتے ہوئے۔ 12 فروری 2017ء (فائل فوٹو)
سنگر اڈیل لاس اینجلیس میں منعقدہ 59ویں سالانہ گریمی ایوارڈز میں شرکت کرتے ہوئے۔ 12 فروری 2017ء (فائل فوٹو)

موسیقی کی دنیا کے اہم امریکی اعزاز گریمی ایوارڈز کی تقریب کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے سبب ملتوی کر دی گئی ہے۔

گریمی ایوارڈز کا انعقاد کرنے والے ادارے 'ریکارڈنگ اکیڈمی' اور انہیں نشر کرنے والے امریکی ٹی وی چینل 'سی بی ایس' نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ شہری اور ریاستی انتظامیہ، صحت کے حکام اور فنکار برادری کے ساتھ حالات کا بغور جائزہ لینے کے بعد کیا گیا ہے۔

64ویں گریمی ایوارڈز کی تقریب امریکی شہر لاس اینجلس میں 31 جنوری کو منعقد ہونی تھی۔

گریمی ایوارڈز
گریمی ایوارڈز

ریکارڈنگ اکیڈمی نے اپنی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے بیان میں کہا ہے کہ "موسیقار برادری، حاضرین اور اس پروگرام کو بنانے کے لیے انتھک محنت کرنے والے کئی سو افراد کی صحت اور ان کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔ اومیکرون کے باعث پیدا ہونے والی غیر یقینی صورت حال میں 31 جنوری کو تقریب منعقد کرنے میں بہت سے خطرات جنم لے سکتے ہیں۔"

یہ پہلا موقع نہیں جب کرونا کے سبب یہ تقریب ملتوی کی گئی ہو۔ گزشتہ سال بھی کیسز کی تعداد میں اضافے کے سبب تقریب کو مقررہ تاریخ سے چھے ہفتے بعد منعقد کیا گیا تھا۔

اس سال گریمی ایوارڈز کے لیے نامزد فن کاروں میں ایک پاکستانی فن کارہ بھی شامل ہیں۔ امریکہ میں مقیم گلوکارہ اور میوزک کمپوزر عروج آفتاب 'بہترین نئی فن کار' اور 'بہترین گلوبل پرفارمنس' کے لیے نامزد ہیں۔

ان کی اس پرفارمنس کا نام 'محبت' ہے۔ اس میں انہوں نے حفیظ ہوشیارپوری کے مشہور کلام 'محبت کرنے والے کم نہ ہوں گے' کو ایک نئے اور منفرد انداز سے پیش کیا ہے۔

اس وقت امریکہ میں کرونا کے نئے کیسز کی ریکارڈ تعداد سامنے آ رہی ہے۔ تین جنوری کو دس لاکھ سے زیادہ کیسز ریکارڈ ہوئے جو عالمی وبا کے آغاز سے اب تک کیسز کی بلند ترین سطح ہے۔

ریکارڈنگ اکیڈمی نے اپنی ویب سائٹ پر شائع کردہ تازہ ترین بیان میں کہا ہے کہ وہ 'موسیقی کی سب سے اہم رات' کو مستقبل میں منانے کے بارے میں پُر جوش ہیں مگر تقریب کی نئی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔

XS
SM
MD
LG