رسائی کے لنکس

سابق افغان خاتون رکنِ قومی اسمبلی کا قتل؛ 'ہم نے ایک ہیرا کھو دیا'


افغانستان کے دارالحکومت کابل میں سابق خاتون رکنِ قومی اسمبلی مرسل نبی زادہ اور ان کے گارڈ کو قتل کر دیا گیا ہے۔

طالبان حکام نے اتوار کو مرسل نبی زادہ اور ان کے گارڈ کے قتل کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نامعلوم افراد نے انہیں گھر میں گولی مار کر قتل کیا۔

کابل پولیس کے ترجمان خالد زدران کے بقول اتوار کی صبح ہونے والے حملے میں مقتول کا بھائی بھی زخمی ہوا ہے۔ قاتلوں کو پکڑنے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے واقعے کی سنجیدگی سے تحقیقات جاری ہیں۔

مرسل نبی زادہ کے اہلِ خانہ نے طالبان حکام سے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی۔

مقتول کی والدہ نے مقامی نیوز چینل 'طلوع ٹی وی' سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "فائرنگ کی آواز سنی تو ہم گھر کے نچلے حصے میں چلے گئے، اس وقت حملہ آور فرار ہو چکے تھے اور ان کی بیٹی اور بیٹا خون میں لت پت پڑے تھے اور گارڈ موقع پر ہلاک ہو گیا تھا۔"

افغانستان میں اگست 2021 میں طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے یہ پہلا واقعہ ہے جس میں معزول حکومت سے تعلق رکھنے والی کسی سیاست دان کو قتل کیا گیا ہو۔

طالبان حکام نے ان تمام تر الزامات کو مسترد کیا ہے کہ ان کی سیکیورٹی فورسز نے ملک میں رہنے والے بعض سابق افغان اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کی ہے۔

مرسل نبی زادہ ان چند خاتون سیاست دانوں اور سول سوسائٹی کے کارکنوں میں شامل تھیں جنہوں نے سخت گیر گروپ کے ملک پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کے بعد افغانستان سے فرار ہونے کا فیصلہ نہیں کیا۔

البتہ کسی گروپ نے سابق رکنِ قومی اسمبلی کے قتل کی ذمے داری قبول نہیں کی۔

یاد رہے کہ 32 سالہ مرسل نبی زادہ افغانستان میں طالبان کے قبضے سے قبل رکنِ قومی اسمبلی منتخب ہوئی تھیں۔ ان کے قتل پر مختلف شخصیات کی جانب سے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

سابق افغان رکنِ پارلیمنٹ مریم سلیمان خیل نے مرسل نبی زادہ کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "ایک مضبوط عورت جس نے افغانستان چھوڑنے کا موقع ملنے کے باجود اپنے عوام کے لیے لڑنے کا انتخاب کیا۔ ہم نے ایک ہیرا کھو دیا۔"

یورپی پارلیمنٹ کی رکن ہینا نیومن نے بھی مرسل نبی زادہ کے قتل پر غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

آسٹریا کی رکنِ پارلیمنٹ پیٹرا بیئر نے کہا کہ "ایک مضبوط عورت کو طالبان کی حکومت کے ہاتھوں مارا جانا انتہائی تکلیف دہ ہے۔"

XS
SM
MD
LG