رسائی کے لنکس

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ملتوی ہوا تو ریٹائرمنٹ نہیں لوں گا: محمد حفیظ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز اور سابق کپتان محمد حفیظ نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ مؤخر کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

محمد حفیظ کئی بار کہہ چکے ہیں کہ وہ رواں برس نومبر میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد محدود طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لیں گے۔ تاہم انہوں نے اب اپنا مؤقف تبدیل کر دیا ہے۔

مڈل آرڈر بلے باز کا کہنا ہے کہ اگر کرونا وائرس کی وجہ سے رواں برس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ نہ ہوا تو وہ اپنے ریٹائرمنٹ کی تاریخ کو بھی آگے بڑھا دیں گے۔

اُن کے بقول وہ اپنے کیریئر کا اختتام جیت کے ساتھ کرنا چاہتے ہیں اس لیے نومبر میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ منسوخ ہوا تو اس کا ہر گز مطلب یہ نہیں کہ وہ نومبر میں ہی ریٹائرمنٹ لے لیں گے بلکہ اس ایونٹ کے انعقاد تک اپنی دستیابی یقینی بنائیں گے۔

پیر کو صحافیوں سے ویڈیو کانفرنس کے دوران بات کرتے ہوئے محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ اپنی مرضی سے لی تھی اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کو خیر باد کہنے کا فیصلہ بھی اپنے طے شدہ منصوبے کے مطابق اور پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے کریں گے۔

محمد حفیظ پاکستان کی جانب سے شعیب ملک اور شاہد آفریدی کے بعد سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے والے کرکٹر ہیں۔

اُن کا کہنا ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے بین الاقوامی معیار کے مطابق جسمانی فٹنس کو یقینی بنائیں گے اور اگر ٹیم کے پاس ان سے بہتر آپشن موجود ہوا تو وہ خود خوشی سے الگ ہو جائیں گے۔

سابق پاکستانی کرکٹر اور موجودہ کمنٹیٹر رمیز راجا شعیب ملک اور محمد حفیظ دونوں کو کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا مشورہ دے چکے ہیں اور اُن کے بقول دونوں کرکٹرز کو باعزت طریقے سے ریٹائر ہو جانا چاہیے۔

دورۂ انگلینڈ کے لیے ٹیم میں دونوں سینئر کھلاڑیوں کو شامل کیے جانے پر بھی رمیز راجا نے سلیکٹر مصباح الحق پر تنقید کی تھی۔ رمیز نے کہا تھا کہ محمد حفیظ ایک کم زور فیلڈر ہیں اور ان کی کارکردگی میں کوئی بہتری نہیں آئی ہے۔

رمیز راجا کی تنقید پر محمد حفیظ کا ویڈیو کانفرنس میں کہنا تھا ہر شخص کو اپنے خیالات کے اظہار کا حق حاصل ہے۔ اس لیے وہ کسی کے کہنے پر کرکٹ سے ریٹائرمنٹ نہیں لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے کرکٹ کھیلنا ان کے لیے اعزاز ہے اس لیے وہ گزشتہ 17 برس سے اپنے انتخاب کو درست ثابت کرتے آئے ہیں اور پر امید ہیں کہ ایک مرتبہ پھر اپنی سلیکشن کو درست ثابت کریں گے۔

محمد حفیظ نے پاکستان کی جانب سے 2003 میں ڈیبیو کیا تھا اور وہ اب تک 55 ٹیسٹ، 218 ون ڈے اور 91 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں۔

انہوں نے 2018 میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا لیکن وہ اب بھی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG