رسائی کے لنکس

ہالی وڈ پروڈیوسر ہاروی وینسٹین پر فردِ جرم عائد


ہاروی وینسٹین نیویارک کی ایک عدالت میں موجود ہیں (فائل فوٹو)
ہاروی وینسٹین نیویارک کی ایک عدالت میں موجود ہیں (فائل فوٹو)

ہاروی وینسٹین پر خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے اور انہیں زیادتی کا نشانہ بنانے کے گزشتہ سال سامنے آنے والے الزامات کے بعد ان کے خلاف یہ پہلا باضابطہ مقدمہ ہے۔

ہالی وڈ کے مشہور پروڈیوسر ہاروی وینسٹین پر خواتین کے ساتھ زیادتی اور انہیں جنسی ہراساں کرنے کے الزامات پر فردِ جرم عائد کردی گئی ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق نیویارک کے علاقے مین ہیٹن کے ڈسٹرکٹ اٹارنی سائرس وینس نے ہاروی وینسٹین پر فردِ جرم عائد ہونے کی تصدیق کی ہے۔

ہاروی وینسٹین پر خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے اور انہیں زیادتی کا نشانہ بنانے کے گزشتہ سال سامنے آنے والے الزامات کے بعد ان کے خلاف یہ پہلا باضابطہ مقدمہ ہے۔

ان الزامات کے بعد ہی سوشل میڈیا پر 'می ٹو' نامی بین الاقوامی مہم شروع ہوئی تھی جس کے زیرِ اثر کئی نمایاں خواتین نے ماضی میں اپنے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک اور مبینہ زیادتیوں کے خلاف زبان کھولی تھی۔

ڈسٹرکٹ اٹارنی سائرس وینس نے ایک بیان میں کہا کہ ہاروی پر فردِ جرم عائد ہونے سے متاثرہ افراد انصاف کے ایک قدم اور قریب ہوگئے ہیں۔

میرا میکس فلم اسٹوڈیو اینڈ دی وینسٹن کمپنی کے 66 سالہ شریک بانی ہاروی وینسٹین کو گزشتہ جمعے کو امریکی پولیس نے دو خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات پر گرفتار کیا تھا۔

وینسٹین کو تقریباً 70 خواتین کی طرف سے زیادتی اور ہراساں کرنے کے الزامات کا سامنا ہے جن میں ہالی وڈ کی کئی مشہور اداکارائیں بھی شامل ہیں۔

ہاروی کے وکلا کی ٹیم کے سربراہ بین بریفمین نے کہا ہے کہ وہ اپنے مؤکل کے قصوروار نہ ہونے کی درخواست دائر کریں گے اور ہاروی الزامات کے خلاف اپنا دفاع کریں گے۔

ہاروی وینسٹین پر خواتین سے زیادتی اور جنسی ہراسانی کے الزامات ثابت ہوگئے تو انہیں 5 سے 25 سال تک قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

XS
SM
MD
LG