رسائی کے لنکس

نائن الیون حملوں کے ملزمان کے خلاف مقدمے کی سماعت کا آخری روز


کیوبا میں امریکی حراستی مرکز 'گوانتانامو بے' میں نائن الیون حملوں کے ملزمان کے مقدمات کی سماعت۔
کیوبا میں امریکی حراستی مرکز 'گوانتانامو بے' میں نائن الیون حملوں کے ملزمان کے مقدمات کی سماعت۔

کیوبا میں امریکی حراستی مرکز 'گوانتانامو بے' میں نائن الیون حملوں کے مبینہ ماسٹر مائنڈ خالد شیخ محمد سمیت پانچ ملزمان کے خلاف مقدمے کی سماعت کا آج ( بروز جمعہ) آخری روز ہے۔

خفیہ معلومات کی وجہ سے جمعرات کے روز بند کمرے کی یہ سماعت دوپہر تک جاری رہی۔ جس میں وکلا صفائی اور استغاثہ کی ٹیموں نے شرکت کی۔

سماعت کے موقع پر ملزمان کمرہ عدالت میں موجود نہیں تھے اور نہ ہی میڈیا کو کوریج کی اجازت دی گئی۔

کمرہ عدالت کا اندرونی منظر (گوانتانامو بے پبلک افیئر فوٹو)
کمرہ عدالت کا اندرونی منظر (گوانتانامو بے پبلک افیئر فوٹو)

یاد رہے کہ گیارہ ستمبر 2001 کو ہونے والے حملوں کو امریکہ کی تاریخ کی بدترین دہشت گردی قرار دیا جاتا ہے۔ جس میں مبینہ طور پر القاعدہ نے چار مسافر طیارے ہائی جیک کر لیے تھے۔

ان حملوں کے مبینہ ماسٹر مائنڈ خالد شیخ محمد سمیت پانچ ملزمان کے خلاف مقدمے کی سماعت کا آغاز پیر سے ہوا تھا۔

خالد شیخ محمد کے ساتھ چار دیگر ارکان میں عمار البلوشی، ولید بن آتاش، رمزی بن شبیہ اور مصطفی احمد ال حساوی شامل ہیں۔ جن پر نو گیارہ حملوں میں مبینہ کردار پر جنگی جرائم عائد کیے گئے ہیں۔

ملزمان کو 2003 سے 2004 کے درمیان حراست میں لیا گیا تھا۔

کمرہ عدالت کا اندرونی منظر (گوانتانامو بے پبلک افیئر فوٹو)
کمرہ عدالت کا اندرونی منظر (گوانتانامو بے پبلک افیئر فوٹو)

سماعت کے موقع پر دوپہر کے بعد میڈیا کو کمرہ عدالت میں جانے کی اجازت دی گئی۔ جج نے بتایا کہ پانچوں ملزمان نے اپنے حق کا استعمال کرتے ہوئے آج عدالت میں نہ آنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس دوران گوانتاناموبے قید خانے کے انچارج کمانڈر اسٹیون یما شیتا کو بطور عینی شاہد عدالت میں پیش کیا گیا۔

وکلا صفائی کی ٹیم نے گواہ سے ابھی چند ہی سوال کیے تھے کہ وکلا استغاثہ نے کہا کہ یہ خفیہ معلومات کے زمرے میں آتے ہیں۔ جس کے بعد وکلا استغاثہ نے سوال و جواب کیے۔ جس پر وکلا صفائی کی ٹیم نے اعتراض کیا۔

اس طرح آدھے دن کی سماعت ایک بار پھر خفیہ معلومات کی وجہ سے بند کر دی گئی۔

جمعہ کے روز ان سماعتوں کا آخری دن ہے اور وکلا صفائی کی ٹیموں کو امید ہے مشکل اور پیچیدگیوں کے باوجود اس سے اصل مقدمے کے لیے راہ ہموار ہو سکے گی۔

XS
SM
MD
LG