رسائی کے لنکس

دپیکا پڈکون، ’رام لیلا‘ سے پھر میدان مار لیں گی


دپیکا کی خوش قسمتی ہے کہ ان کی سپر، ڈوپر ہٹ فلم ’چنائی ایکسپریس‘ کے چرچے ابھی ختم نہیں ہوئے کہ ایک اور فلم ’رام لیلا‘ کے قصے ہر زبان پر عام ہونے لگے ہیں

دپیکا پڈکون بالی وڈ کی میگا ہیروئن بن گئی ہیں۔ ان کے کریڈٹ پر نہ صرف 100 کروڑ کا بزنس کرنے والی فلمیں موجود ہیں، بلکہ ان فلموں کی بدولت ان کی ڈیمانڈ میں بھی دن دگنا اضافہ ہوگیا ہے۔ دپیکا کی خوش قسمتی یہ ہے کہ ان کی سپر، ڈوپر ہٹ فلم ’چنائی ایکسپریس‘ کی کامیابی کے چرچے ابھی ختم بھی نہیں ہوئے کہ اُن کی ایک اور نئی فلم ’رام لیلا‘ کے قصے ہرزبان پر عام ہونے لگے ہیں۔

’انڈو ایشین نیوز سروس‘ سے انٹرویو میں دپیکا پڈکون نے اعتراف کیا کہ ’رام لیلا‘ ان کے لئے بہت مشکل ثابت ہوئی۔ کیونکہ، فلم کے ڈائریکٹر سنجے لیلا بنسالی اتنے زیادہ ’پرفیکشنسٹ‘ ہیں کہ جو کچھ ان کے دماغ میں ہوتا ہے جب تک ہوبہو ویسا ہی نہ ہوجائے وہ مطمئن نہیں ہوتے۔

دپیکا کی بنسالی کے ساتھ یہ پہلی فلم ہے۔ بنسالی اس سے پہلے ’ہم دل دے چکے صنم‘ اور ’دیوداس‘ جیسی سپر ہٹ فلمیں بنا چکے ہیں۔ بنسالی نے ’سانوریا‘ اور ’گذارش‘ جیسی آف بیٹ فلمیں بھی بنائیں۔ لیکن، یہ فلمیں آڈینز کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہیں۔ شاید اسی لئے انہوں نے ٹریک تبدیل کیا اور ان کی آنے والی فلم ’رام لیلا‘ ایک رومینٹک ڈرامہ ہے جس کے ہیرو رنویر سنگھ اور ہیروئن دپیکا پڈکون ہیں۔

فلم کا پہلا ٹریلر ریلیز ہوچکا ہے۔ اس ٹریلر کو بھی ہر جگہ پذیرائی ملی۔ خود امیتابھ بچن جیسے میگا اسٹار اس ٹریلر کی بہت تعریف کرچکے ہیں۔ ٹریلر کی کامیابی سے اندازہ لگایا جارہاہے کہ یقینا فلم بھی ہٹ ہوجائے گی۔

رام لیلا‘ میں کام کے حوالے سے دپیکا پڈکون کا کہنا ہے کہ سنجے کام کے لئے بہت ڈیمانڈنگ ہیں اس لئے یہ فلم ذہنی، جسمانی اور جذباتی۔۔ہر لحاظ سے آسان نہیں رہی۔ وہ فلم سے جڑی چھوٹی سے چھوٹی بات پر نظر رکھتے ہیں۔ ان کے کام کا اپنا اسٹائل اور ویژن ہے، اسی لئے ’رام لیلا‘ میں کام کرنا چیلنجنگ بھی رہا اور ایکسائٹنگ بھی۔

گجرات کے دیہی پس منظر میں بنائی گئی ’رام لیلا‘ میں سنجے لیلا بنسالی نے روایتی کلچر کو نہایت خوبصورت اور رنگا رنگ انداز میں پیش کیا ہے۔ ریچا چڈھا، گلشن دیویا اور سپریا پاٹھک بھی فلم کی کاسٹ میں شامل ہیں۔ ’رام لیلا‘ 29نومبر کو نمائش کے لئے پیش کی جائے گی۔
XS
SM
MD
LG