رسائی کے لنکس

روس کی امریکہ میں ووٹ بذریعہ ڈاک پر لوگوں کا 'اعتماد گھٹانے کی کوشش'


کرونا وائرس کی وجہ سے پوسٹل ووٹنگ میں اضافے کی توقع کی جا رہی ہے، فائل فوٹو
کرونا وائرس کی وجہ سے پوسٹل ووٹنگ میں اضافے کی توقع کی جا رہی ہے، فائل فوٹو

امریکہ کے داخلی سلامتی کے محکمے ڈیپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکیورٹی (ڈی ایچ ایس) نے متنبہ کیا ہے کہ روس ڈاک کے ذریعے ووٹ کی سیکیورٹی اور اس کے مستند ہونے پر امریکیوں کا اعتماد گھٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔

جمعرات کو 'صرف سرکاری استعمال کے لیے' کے عنوان سے جاری ایک اعلامیے میں ڈیپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکیورٹی کے 'انٹیلی جنس اینڈ اینالسز آفس' نے کہا ہے کہ روس کوشش کرتا رہا ہے کہ ڈاک کے ذریعے ووٹ کے طریقے پر تنقید میں اضافہ ہو اور کرونا وائرس کے باعث ووٹ دینے کے تبدیل ہوتے طریقوں پر لوگوں کے اعتماد کو کم کیا جائے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اگست کے وسط میں روس کے سرکاری میڈیا کے اداروں اور ویب سائٹس نے ڈاک سے ووٹ ڈالنے کے طریقے پر تنقیدی مواد بڑے پیمانے پر شائع کیا، جس میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ ایسی فہرستوں کی وجہ سے، جن کی معیاد ختم ہو چکی ہے، نااہل ووٹرز بھی بیلٹ پیپرز حاصل کر سکتے ہیں۔ جس سے بڑی تعداد میں بیلٹ پیپرز کی تصدیق نہیں ہو سکے گی اور اس طرح بڑے پیمانے پر بے ضابطگیاں ہو سکتی ہیں۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ روس کے ذرائع ابلاغ نے مارچ سے ہی ڈاک کے ذریعے ووٹ کے طریقے پر لوگوں کا اعتماد گھٹانے کی کوشش شروع کر دی تھی اور الزام لگایا تھا کہ اس طریقے سے فراڈ کے مواقع بڑھیں گے۔

اعلامیے کے مطابق روس ممکنہ طور پر امریکہ کے انتخابی نظام میں "بدانتظامی، ناکامی اور غیر ملکی مداخلت" کے الزامات پھیلا کر لوگوں کے اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کوششیں کر سکتا ہے۔

اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ رواں برس آئیووا کاکس کے نتائج کے حوالے سے روسی میڈیا اداروں نے لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی تھی۔

ڈیپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکیورٹی نے فوری طور پر اس اعلامیے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ دوسری جانب روس بھی امریکی انتخابات میں کسی بھی قسم کی مداخلت کی تردید کرتا رہا ہے۔

امریکہ میں ڈاک کے ذریعے ووٹنگ ایک مسئلہ کیوں؟
please wait

No media source currently available

0:00 0:02:48 0:00

امریکہ کے ایوانِ نمائندگان کی انٹیلی جنس کمیٹی کے چیئرمین اور ڈیموکریٹک پارٹی سے منسلک ایڈم شیف نے کہا ہے کہ ڈیپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکیورٹی کا یہ اعلامیہ واضح کرتا ہے کہ روس کے بارے میں ان کے خدشات درست تھے۔ ان کے بقول "روس امریکہ کے جمہوری نظام پر اعتماد کم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔"

امریکہ میں ڈاک کے ذریعے ووٹنگ کے طریقۂ کار پر حملوں کے دعوے پر ایڈم شیف نے کہا کہ "روس اس غیر تعمیری اور جھوٹے بیانیے کو آگے بڑھا رہا ہے جو صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے حامی، بشمول اٹارنی جنرل ولیم بر پھیلا رہے ہیں۔"

خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کئی بار ڈاک کے ذریعے ووٹ کے طریقۂ کار پر تنقید کر چکے ہیں۔

جولائی میں بھی صدر ٹرمپ نے اس حوالے ایک ٹوئٹ میں ڈاک کے ذریعے ووٹ کے طریقۂ کار کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

XS
SM
MD
LG