رسائی کے لنکس

ہیوسٹن کے کیمیکل پلانٹ میں دھماکوں سے خوف و ہراس


فائل فوٹو
فائل فوٹو

مقامی فائر بریگیڈ کے انچارج راب رویال کا کہنا ہے کہ آگ کی شدت اتنی زیادہ ہے کہ پلانٹ میں موجود سب کچھ جل رہا ہے۔

امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہوسٹن کے نزدیک جمعرات کے روز ایک کیمیکل پلانٹ میں دھماکوں کے بعد، شدید بارشوں اور سیلابوں سے متاثرہ اس علاقے میں تشویش کی نئی لہر دوڑ گئی۔

یہ دھماکے ایک ایسے وقت ہوئے جب امدادی کارکن ہر آبادی کے ہر ایک بلاک میں جاکر زندہ بچ جانے والوں کو تلاش کر رہے تھے۔

ہاروی نامی اس طوفان میں اب تک ہلاک ہونے والوں کی تعداد 35 ہو گئی ہے۔

طوفان کے نتیجے میں ہزاروں افراد گہرے پانی میں گھر گئے۔

ٹیکساس میں گذشتہ 50 سال کے عرصے کے بدترین طوفان کے بعد کراسبی پلانٹ میں دھماکے ہوئے ہیں۔

کراسبی ہوسٹن سے تقریباً 30 میل کے فاصلے پر ہے اور دھماکوں کے بعد ایک امدادی کارکن کو اسپتال میں پہنچایا گیا جو پلانٹ میں بھڑکنے والی آگ اور تقریباً 40 فٹ اونچے گہرے دھوئیں میں گھر گیا تھا۔ فیکٹری میں آگ اسے ٹھنڈا رکھنے کے نظام میں خرابی کے بعد لگی ۔

فیکٹری میں کئی دھماکے سنے جانے کے بعد حفاظت عامہ کے عہدے داروں اور فیکٹری کے افسروں کا کہنا تھا کہ حالات قابو میں ہیں اور کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں ہے، جب کہ آگ لگنے کے وقت پلانٹ میں کیمیکل سے بھرے آٹھ ٹرک کھڑے تھے۔

مقامی فائر بریگیڈ کے انچارج راب رویال کا کہنا ہے کہ آگ کی شدت اتنی زیادہ ہے کہ پلانٹ میں موجود سب کچھ جل رہا ہے۔

پولیس کے مطابق اگر صورت حال مزید بگڑتی ہے تو آس پاس کی آبادی کو وہاں سے نکالنا پڑے گا۔

XS
SM
MD
LG