رسائی کے لنکس

ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی ہیں: اسلام آباد ہائی کورٹ


عدالت کے فیصلے سے فاروق ستار کی پارٹی پر کنٹرول کی کوششوں کو دھچکا لگا ہے (فائل فوٹو)
عدالت کے فیصلے سے فاروق ستار کی پارٹی پر کنٹرول کی کوششوں کو دھچکا لگا ہے (فائل فوٹو)

عدالتِ عالیہ نے اپنے مختصر فیصلے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فیصلے کے خلاف فاروق ستار کی جانب سے دائر درخواست مسترد کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کو ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر قرار دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے خالد مقبول صدیقی کو متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کا کنوینر قرار دے دیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے ایم کیو ایم پاکستان کی کنوینر شپ کے حوالے سے ڈاکٹر فاروق ستار کی درخواست پر مختصر فیصلہ پیر کو سنایا۔

عدالتِ عالیہ نے اپنے مختصر فیصلے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فیصلے کے خلاف فاروق ستار کی جانب سے دائر درخواست مسترد کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کو ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر قرار دیا۔

فاروق ستار نے اعلان کیا ہے کہ وہ عدالتی فیصلے پر اپنا ردِ عمل پیر کی شام ایک پریس کانفرنس میں دیں گے۔

الیکشن کمیشن نے 26 مارچ کو متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے آئینی سربراہ سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے فیصلہ دیا تھا کہ فاروق ستار ایم کیو ایم کے کنوینر نہیں رہے جس کے خلاف فاروق ستار نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

ابتداً عدالتِ عالیہ نے ایم کیو ایم پاکستان کی کنوینر شپ سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے فاروق ستارکو بحال کردیا تھا جس پر ایم کیو ایم کے بہادر آباد دھڑے کی جانب سے خالد مقبول صدیقی اور کنور نوید جمیل نے نظر ثانی اپیل دائر کی تھی۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار اور رابطہ کمیٹی کے درمیان اختلافات 5 فروری کو اس وقت شروع ہوئے تھے جب فاروق ستار کی جانب سے سینیٹ انتخابات کے لیے کامران ٹیسوری کا نام پیش کیا گیا تھا جس کی رابطہ کمیٹی نے مخالفت کی تھی۔

بعد ازاں رابطہ کمیٹی اور فاروق ستار کے درمیان کئی مرتبہ مذاکرات کی کوشش ہوئی تھی جو کامیاب نہیں ہوسکی تھی جس کے بعد ایم کیو ایم دو دھڑوں میں تقسیم ہوگئی تھی۔ کئی روز تک جاری رہنے والے اس تنازع کے بعد رابطہ کمیٹی نے دو تہائی اکثریت سے فاروق ستار کو کنوینر کے عہدے سے ہٹا کر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کو پارٹی کا نیا کنوینر مقرر کردیا تھا۔

فیصلے کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے الیکشن کمیشن کو باضابطہ آگاہ کردیا تھا کہ ڈاکٹر خالد مقبول کو پارٹی کا نیا سربراہ منتخب کرلیا گیا ہے۔

بعد ازاں 18 فروری کو ایم کیو ایم پاکستان کے فاروق ستار گروپ کی جانب سے انٹرا پارٹی انتخابات کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں کارکنان نے فاروق ستار کو دوبارہ ایم کیو ایم پاکستان کا کنوینر منتخب کرلیا تھا۔

XS
SM
MD
LG