رسائی کے لنکس

صدرٹرمپ کی ٹویٹ کے بعد دھمکیاں مل رہی ہیں, الہان عمر


الہان عمر (فائل فوٹو)
الہان عمر (فائل فوٹو)

امریکی ریاست مینیسوٹا کی ڈیموکریٹ رکن کانگریس الہان عمر نے الزام لگایا ہے کہ صدرٹرمپ کی جانب سے ان کی ایک ویڈیو ری ٹویٹ کرنے سے ان کی زندگی کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔

واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے حال ہی میں صومالی نژاد ڈیموکریٹ رکن الہان عمر کی ایک ویڈیو ری ٹویٹ کی تھی جس میں انہوں نے 11 ستمبر کے حملوں سے متعلق بات کی تھی۔

معاملے پر ری پبلکن اور ڈیموکریٹ رہنماؤں کے درمیان نئی بحث چھڑ گئی تھی ڈیموکریٹ اراکین کی اکثریت نے الہان عمر کی حمایت میں جبکہ ری پبلکن اراکین نے صدر ٹرمپ کے موقف کی حمایت کی تھی۔

معاملے کے بعد اسپیکر نینسی پیلوسی کا کہنا تھا کہ وہ الہان عمر کی حفاظت کو یقینی بنائیں گی تاہم ان کی اپیل کے باوجود صدر ٹرمپ کی اس ٹویٹ کو مکمل طور پر ان کے اکاؤنٹ سے نہیں ہٹایا گیا۔

صدرٹرمپ نے اپنے ٹوئیٹر اکاؤنٹ میں شئیر کی گئی ویڈیو میں 'الہان عمر' کی امریکن اسلامک کونسل میں 11 ستمبر کے حملوں سے متعلق کی گئی تقریرکا ایک حصہ شئیر کیا تھا۔ جس میں الہان عمر کہہ رہی ہیں کہ اس دن چند لوگوں نے کچھ کیا' اس کے بعد ٹوئن ٹاورز میں آگ لگنے اور عمارتوں سے لوگوں کے بھاگنے کے مناظر دکھائے گئے۔

صدر ٹرمپ نے اپنی ٹویٹ میں یہ لکھا تھا کہ 'ہم یہ کبھی نہیں بھولیں گے'۔

نینسی پیلوسی سمیت متعدد کانگریس اراکین نے صدرٹرمپ کے اس اقدام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے مسلمان رکن کانگریس کے خلاف لوگوں کو تشدد پر اکسانے کے مترادف قرار دیا۔ حال ہی میں پولیس نے 'الہان عمر' پر ممکنہ حملے کے الزام میں ایک شخص کو حراست میں بھی لیا ہے۔

الہان عمر کے مطابق صدرٹرمپ کی جانب سے جمعے کی شب ویڈیو 'ری ٹویٹ ' کی گئی اس کے بعد سے انہیں ملنے والی دھمکیوں میں اضافہ ہوا ہے۔

الہان عمر کا کہنا تھا کہ ایسے وقت میں جب امریکہ سمیت دنیا بھر میں نسلی تعصب سے متعلقہ واقعات میں اضافہ ہوا ہے صدرٹرمپ کا یہ اقدام نسل پرستوں کو مزید شہہ دے گا ہم سب امریکی ہیں۔

اسپیکر نیلسی پیلوسی کا کہنا ہے کہ ان کی متعلقہ پولیس حکام سے بات ہوئی ہے تاکہ 'الہان عمر' کی حفاظت کے انتظامات میں کوئی کمی نہ رہے۔ صدر ٹرمپ کو بھی چاہیئے کہ ایسے عمل سے اجتناب کریں۔

صدر ٹرمپ کی ٹویٹ اتوار تک ٹاپ ٹرینڈ بنی رہی جسے لگ بھگ 90 لاکھ لوگوں نے دیکھا تاہم اسپیکر نیلسی پیلوسی کی درخواست پر اس ٹویٹ کو نیچے کر دیا گیا۔

الہان عمر کون ہیں؟

الہان عمر صومالی نژاد امریکی شہری ہیں جو گزشتہ ماہ امریکی ریاست مینیسوٹا کی رکن کانگریس منتخب ہوئی ہیں۔

الہان پہلی صومالی اور افریقی نژاد خاتون ہیں جو کانگریس کی رکن منتخب ہوئی ہیں۔ الہان عمر صدر ٹرمپ کی امیگریشن پالیسیوں کی بھرپور مخالفت کرتی رہی ہیں۔ الہان عمر فلسطین میں اسرائیلی کارروائیوں کے خلاف بھی بھرپور آواز بلند کرتی رہی ہیں۔

الہان عمر نے صدر ٹرمپ کی ٹویٹ کے معاملے پر حمایت کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہمیں ایسی انتظامیہ کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیئے جو مسلمانوں کو امریکہ میں داخلے سے روکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG