رسائی کے لنکس

آئی ایم ایف پاکستان کو 1.4 ارب ڈالر اضافی قرض، ایشین بینک پانچ کروڑ ڈالر بطور امداد دے گا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پاکستان کو کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے آئندہ ہفتے ایک ارب 40 کروڑ ڈالرز کا اضافی قرض دے گا جب کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے پانچ کروڑ ڈالرز امداد کی منظوری دی ہے۔

پاکستان میں آئی ایم ایف کی نمائندہ ٹریسا ڈبن نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کو آئندہ ہفتے کرونا وائرس کے باعث معیشت پر منفی اثرات سے نمٹنے اور زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافے کے لیے قرض دیا جا رہا ہے۔

پاکستان کی حکومت نے کرونا وائرس کے باعث خراب معاشی صورتِ حال کے پیش نظر فنڈ ریپڈ فنانسنگ انسٹرومنٹ (آر ایف آئی) کے تحت آئی ایم ایف سے ہنگامی مالی امداد کی درخواست کی تھی۔

وزیرِ اعظم کے مشیرِ خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے چند روز قبل کہا تھا کہ انسدادِ کرونا وائرس پیکج کی فنڈنگ کے لیے آئی ایم ایف کے ساتھ 1.4 ارب ڈالرز کے اضافی قرض کے لیے بات چیت چل رہی ہے۔ خیال رہے کہ کرونا وائرس اور اس کے اثرات سے نمٹنے کے لیے وفاقی کابینہ نے 1200 ارب روپے کے ریلیف پیکج کی منظوری دی ہے۔

اس سے قبل عالمی مالیاتی ادارے کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جیارجیوا نے بھی گزشتہ ہفتے اپنے بیان میں کہا تھا کہ آئی ایم ایف انسدادِ کرونا ریلیف پیکج کے لیے پاکستان کی جانب سے مانگے گئے اضافی فنڈز کی جلد منظوری دے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات پاکستانی معیشت کے لیے چیلنجز ہیں اور ان حالات میں پاکستان کے ساتھ آئی ایم ایف کا تعاون جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال جولائی میں آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے 6 ارب ڈالرز قرض کی منظوری دی تھی جو تین سال کے عرصے میں وقتاً فوقتاً قسط وار جاری کیے جائیں گے۔

پاکستان کو اب تک آئی ایم ایف سے ایک ارب 44 کروڑ ڈالرز دو قسطوں میں مل چکے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان میں حزب اختلاف کے رہنما حکومت پر زور دے رہے ہیں کہ کرونا وائرس کے ملکی معیشت پر منفی اثرات کے پیش نظر آئی ایم ایف کے ساتھ قرض اور اس کی واپسی سے متعلق شرائط پر دوبارہ مذاکرات کیے جائیں اور شرائط نرم کرانے کی کوشش کی جائے۔

خیال رہے کہ کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے پورا ملک گزشتہ کئی دنوں سے لاک ڈاؤن ہے۔ معاشی سرگرمیاں معطل ہونے کی وجہ سے ملک کے اقتصادی اہداف کا حصول بھی مشکل ہو چکا ہے۔

دوسری جانب ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے بھی کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو پانچ کروڑ ڈالر امداد دینے کی منظوری دی ہے۔ اے ڈی بی نے یہ رقم نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ سے کرونا وائرس کے لیے مختص کی ہے۔

اے ڈی بی نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ وہ کرونا وائرس سے نمٹنے کی کوششوں پر پاکستان کی حمایت کرتے ہیں۔ اس فنڈ سے اسپتالوں، تشخیصی لیبارٹریوں اور طبی سہولیات کو مستحکم کرنے کے لیے سامان کی خریداری میں مدد ملے گی۔

ساتھ ہی ایشین ڈویلپمنٹ بینک نے اپنی سالانہ رپورٹ میں رواں مالی سال کے دوران پاکستان کی معاشی ترقی میں کمی کی پیش گوئی کی ہے۔ ایشائی بینک کا کہنا ہے کہ آئندہ برس معاشی ترقی میں بہتری کا امکان ہے۔

XS
SM
MD
LG