رسائی کے لنکس

'عمران خان اقوام متحدہ میں کشمیر کا معاملہ بھرپور انداز میں اٹھائیں گے'


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کے دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیر اعظم عمران خان کشمیر کا معاملہ بھر پور انداز سے اٹھائیں گے۔

دفترخارجہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ایک اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ 21 سے 27 ستمبر تک امریکہ کے شہر نیو یارک میں ہونے والے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

بیان کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران وزیر اعظم تنازع کشمیر سے متعلق پاکستان کا موقف پیش کریں گے۔

یہ بھی بتایا گیا ہے کہ عمران خان بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کو بھی دنیا کے سامنے اجاگر کریں گے۔

اس موقع پر وزیر اعظم کی کئی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں ہوں گی اور پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق ان ملاقاتوں کے دوران بھی عمران خان کی گفتگو کا موضوع کشمیر ہی ہوگا۔

پاکستان کے وزیر اعظم پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ وہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام کو بھر پور طریقے سے عالمی فورم پر اٹھائیں گے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پانچ اگست کو نئی دہلی نے جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کی ہے جس کے بعد پاکستان اور بھارت کے تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں ۔

بین الاقوامی امور کے تجزیہ کار ظفر جسپال کا کہنا ہے کہ کشمیر کے تناظر میں دیکھا جائے تو جنرل اسمبلی کا یہ اجلاس خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔

ظفر جسپال کے بقول وزیر اعظم مختلف سربراہانِ مملکت سے ملاقاتوں کے دوران بھی مسئلہ کشمیر کو اٹھائیں گے لہذا عالمی برادری اس جانب توجہ دینے پر مجبور ہو سکتی ہے۔

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی صورت حال کا معاملہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر اٹھا رہا ہے۔ تاہم بھارت کشمیر پر حالیہ اقدامات کو اندرونی معاملہ قرار دے رہا ہے جبکہ نئی دہلی پاکستان کی طرف سے اس معاملے کو بین الاقوامی فورمز پر اٹھانے کی مخالفت کرتا آ رہا ہے۔

اقوام متحدہ میں بھارت کے مستقل مندوب سید اکبر الدین نے جمعے کو نیویارک میں ایک نیوز کانفرنس میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں پاکستان کا نام لیے بغیر کہا تھا کہ اگر وہ اس معاملے کو عالمی فورم میں اٹھا کر اپنے وقار کو کم کرنا چاہتے ہیں تو کر لیں اس کے برعکس بھارت کا وقار بلند رہے گا۔

سید اکبر الدین کا کہنا تھا کہ بھارت اپنے انداز سے رد عمل کا اظہار کرے گا۔

پاکستان کےدفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق اس موقع پر شاہ محمود قریشی اجلاس میں شریک بعض دیگر ملکوں کے وزارئے خارجہ سے ملاقات کرنے کے ساتھ جموں و کشمیر سے متعلق اسلامی تعاون تنظیم کے رابطہ گروپ کے اجلاس میں بھی شریک ہوں گے۔

XS
SM
MD
LG