رسائی کے لنکس

بیرونی فنڈنگ سے قبائلی نوجوانوں کو اکسانے کی سازش ہو رہی ہے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بیرونی فنڈنگ سے قبائلی علاقوں کے نوجوانوں کو اکسانے کی سازش ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر قبائلی نوجوانوں میں احساس محرومی کا خاتمہ نہ ہوا اور انہیں روزگار کے مواقع نہ ملے تو وہ اس سازش کا شکار ہو سکتے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقہ جات کی ترقی سے ان نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم نے مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

تقریب میں پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار، اور خیبر پختونخوا کے حکام نے شرکت کی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ افغانستان سے تجارتی راستے کھلیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ مہمند ڈیم 291 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہو گا اور اس کی تعمیر 2024 میں مکمل ہو گی۔

عمران خان نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے وہ کام کیے جو حکومت کے کرنے کے تھے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقہ جات میں امن کے لیے ہماری فوج اور عوام نے مل کر اپنا کردار ادا کیا ہے۔

مہمند ڈیم منصوبہ ہے کیا؟

مہمند ڈیم پشاور سے 37 کلومیٹر دور ضلع چارسدہ اور مہمند ایجنسی کی حدود میں دریائے سوات پر تعمیر کیا جائے گا۔ منصوبے پر 291 ارب روپے لاگت آئے گی اور اس کی تعمیر 5 سال میں مکمل ہو گی۔

اس ڈیم میں 12 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہو گی جس سے 8 سو میگا واٹ بجلی پیدا ہو سکے گی۔

ڈیم کی اونچائی 213 میٹر یعنی 698 اعشاریہ 82 فٹ بلند ہو گی۔ ڈیم سے دائیں اور بائیں جانب نکلنے والے نہری نظام سے ضلع مہمند کی مجموعی طور پر 16667 ایکڑ بنجر زمین کاشت کے قابل ہو سکے گی۔

حکام کے مطابق ڈیم کی تعمیر سے ضلع چارسدہ اور نوشہرہ کے زیادہ ترعلاقے موسمی سیلاب سے محفوظ ہو جائیں گے۔

عمران خان کا وادی تیرہ کا دورہ

وزیر اعظم عمران خان نے ضلع خیبر کے دورافتادہ علاقے وادی تیراہ کا بھی مختصر دورہ کیا۔

عمران خان نے 'باغ امن میلے' کی اختتامی تقریب میں شرکت کی اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔

وزیر اعظم کے دورے کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔تقریب کے دوران بارش اور ژالہ باری شروع ہونے کی وجہ سے عمران خان شرکاء سے خطاب نہیں کر سکے۔

XS
SM
MD
LG