شمال مشرقی بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع سدھی کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ مسافروں سے بھری ایک بس نہر میں گرنے سے بس میں سوار کم از کم 42 افراد ہلاک ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق، بس میں گنجائش سے زیادہ مسافر سوار تھے۔
موقع پر موجود پولیس اور عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ بس، ضلع سدھی سے ضلع ستنا جا رہی تھی، اور وہ ڈرائیور کے کنٹرول میں نہ رہی اور ایک پل عبور کرتے ہوئے نہر میں جا گری۔
ان کا کہنا ہے کہ بس پوری طرح پانی میں ڈوب گئی۔ مقامی عہدیداروں نے نہر کا پانی روک دیا تا کہ بچ جانے والے افراد کو نکالا جا سکے۔
ضلع سدھی کے ضلع مجسٹریٹ رویندرا کمار کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت، بس میں اس کی 34 مسافروں کی گنجائش سے کہیں زیادہ مسافر سوار تھے۔
بھارت کے وزر اعظم نریندرا مودی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے اس حادثے کو ہولناک قرار دیا ہے۔ انہوں ہلاک شدگان کے اہلِ خانہ کیلئے اپنے نیشنل ریلیف فنڈ سے امدادی رقوم کا اعلان کیا ہے۔
پولیس کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت میں دنیا کے سب سے زیادہ سڑک حادثات ہوتے ہیں اور ان میں ہلاک ہونے والوں کی شرح بھی سب سے زیادہ ہے۔
ہر سال ایک لاکھ دس ہزار افراد سڑک حادثات میں ہلاک ہو جاتے ہیں ۔عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اس کی وجہ سڑکوں کی خراب حالت، پرانی گاڑیاں، اور قوانین کا نا مناسب نفاذ ہے۔
فیس بک فورم