رسائی کے لنکس

بھارت نے آسٹریلیا میں پہلی بار ٹیسٹ سیریز جیت لی


بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی ٹرافی کے ساتھ۔ 7 جنوری 2019
بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی ٹرافی کے ساتھ۔ 7 جنوری 2019

بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان سڈنی ٹیسٹ بارش کی وجہ سے بغیر کسی نتیجے کے ختم کرنا پڑا۔ اس ٹیسٹ کا فیصلہ تو نہ ہو سکا لیکن چارمیچوں کی سیریز دو، ایک سے بھارت کے نام رہی۔

سن1947-48ء میں جب سے بھارت نے آسٹریلیا کا دورہ کرنا شروع کیا ہے یہ پہلا موقع ہے کہ بھارت نے آسٹریلیا کو اس کی سرزمین پر شکست دی ہے۔

کپتان ویراٹ کوہلی اور کوچ روی شاستری نے اس کامیابی کو 1983ء میں ورلڈ کپ جیتنے سے زیادہ بڑی فتح قرار دیا ہے۔

اس ورلڈ کپ میں کوچ روی شاستری بھارتی ٹیم کا حصہ تھے لیکن انہوں نے فائنل نہیں کھیلا تھ۔ اسی طرح ویراٹ کوہلی 2011ء میں ورلڈ کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم میں شامل تھے۔

چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایڈیلیڈ اور ملبورن میں بھارت نے کامیابی حاصل کی جبکہ پرتھ ٹیسٹ آسٹریلیا کے نام رہا تھا۔

سڈنی ٹیسٹ میں بھارتی بولرز نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے سات وکٹوں کے نقصان پر 622 رنز بناکر اننگز ڈکلیئر کر دی تھی جس کے جواب میں آسٹریلوی ٹیم صرف 300 رنز بناسکی اور اسے فالو آن کا سامنا کرنا پڑا۔

بارش اور کم روشی کے باعث آسٹریلیا کی دوسری اننگز میں صرف 4 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا۔ مارکس ہیرس 2 اور عثمان خواجہ 4 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

میچ میں تاریخی فتح کے بعد ویراٹ کوہلی کا کہنا تھا کہ یہ میری کامیابیوں میں سب سے بڑی کامیابی ہے۔

شکست خوردہ آسٹریلوی ٹیم کے کپتان ٹم پین نے بھارتی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ آسٹریلیا میں کسی بھی ٹیم کی جیت کتنا مشکل کام ہے۔ وہ کپتان ویراٹ کوہلی اور کوچ روی شاستری کو اس کامیابی پر مبارکباددیتے ہیں۔

آسٹریلوی کپتان نے ٹیم کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایڈیلیڈ اور پرتھ میں ہماری جیت کے امکانات تھے اور میں سمجھتا ہوں کہ ہم نے اچھی کرکٹ کھیلی لیکن ملبورن اور سڈنی میں ہم اچھا نہیں کھیلے۔

بھارت نے ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں 31 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی، جو دس سال میں بھارت کی آسٹریلیا میں پہلی فتح تھی۔

اس ٹیسٹ میں بچارا نے پہلی اننگز میں 123 اور دوسری اننگز میں 71 رنز بنائے جبکہ وکٹ کیپر رشبھ پنت نے 11کیچ لے کرعالمی ریکارڈ برابر کیا۔

آسٹریلیا نے پرتھ ٹیسٹ 146 رنز سے جیت کر سیریز ایک، ایک سے برابر کی جو گزشتہ سال مارچ میں بال ٹمپرنگ اسکینڈل کے بعد آسٹریلیا کی پہلی جیت تھی۔

مبلورن ٹیسٹ میں پجارا نے ایک بار پھر سنچری اسکور کی جبکہ آسٹریلوی بیٹنگ لائن اچھا پرفارم نہ کر سکی اور یہ میچ بھارت نے جیت لیا۔

پجارا کو عمدہ بیٹنگ پر مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔

بھارتی ٹیم کی اس تاریخی جیت پر وزیراعظم نریندر مودی نے بھی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ ٹوئٹر پیغام میں بھارتی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ ٹیم نے سخت محنت کی اور وہ جیت کی حق دار تھی۔ سیریز کے دوران بعض یادگار پرفارمنس اور مضبوط ٹیم ورک دیکھنے میں آیا۔

بھارتی وزیر اعظم نے آئندہ میچز کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

XS
SM
MD
LG