رسائی کے لنکس

آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا


پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آسٹریلیا کے خلاف محدود اوورز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 15 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق، کھلاڑیوں کا اعلان ’پی سی بی‘ کی نیشنل سلیکشن کمیٹی کے سربراہ، انضمام الحق نے کپتان سرفراز احمد اور ہیڈ کوچ مِکی آرتھر سے مشاورت سے کیا ہے۔

نئے کھلاڑی وقاص مقصود کو ڈومیسٹک کرکٹ سیزن میں ان کی حالیہ کارکردگی کی وجہ سے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جب کہ عماد وسیم بھی اپنی جسمانی فٹنس کو بہتر ثابت کرکے ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔

آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچوں کے لیے کپتان سرفراز احمد ہو ں گے، جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، محمد حفیظ، صاحبزادہ فرحان، بابر اعظم، شعیب ملک، آصف علی، حسین طلعت، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، عثمان خان شنواری، حسن علی، عماد وسیم، وقاص مقصود اور فہیم اشرف شامل ہیں۔

آسٹریلیا کے خلاف ٹیم کے اعلان پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ تمام لڑکوں کو ان کی حالیہ کارکردگی کی بنیاد پر ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

انضمام الحق نے کہا کہ ٹیم کا انتخاب کرتے وقت لڑکوں کی جسمانی فٹنس کو بھی مد نبظر رکھا گیا ہے۔ امید ہے کہ تمام لڑکے آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں اچھا پرفارم کریں گے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سیریز رواں ماہ 24 اکتوبر، 26 اکتوبر اور 28 اکتوبر کو متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظہبی اور دبئی میں کھیلی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG