رسائی کے لنکس

بھارت کی مزید سات پاکستانی مریضوں کو ویزہ جاری کرنے کی یقین دہانی


بھارتی وزیر خارجہ سمشا سوراج (فائل فوٹو)
بھارتی وزیر خارجہ سمشا سوراج (فائل فوٹو)

مختلف ٹوئٹس کا جواب دیتے ہوئے بھارتی وزیرِ خارجہ نے ان سات افراد کو ویزہ جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

بھارت کی وزیرِ خارجہ سمشا سوراج نے ان سات پاکستانی شہریوں کو علاج کی غرض سے اپنے ملک کا ویزہ جاری کی ہدایت کی ہے جنہوں نے ان سے ٹوئٹر پر رابطہ کر کے اس ضمن میں مدد کی درخواست کی تھی۔

ان افراد میں نو سالہ بچی مرایہ دانش بھی شامل ہیں جن کے والد نے بھارتی وزیرِ خارجہ سے ٹوئٹر پر یہ درخواست کی تھی کہ ان کی بچی تھیلیسیمیا کی مریضہ ہے اور اسے علاج کے لیے بھارت کا ویزہ جاری کیا جائے۔

پیر کو دیر گئے اور منگل کو علی الصبح ٹوئٹر پر اس سلسلے میں مختلف ٹوئٹس کا جواب دیتے ہوئے بھارتی وزیرِ خارجہ نے ان سات افراد کو ویزہ جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

اسی طرح مریم آصف نامی پاکستانی شہری نے اپنے والد کے علاج کے لیے ویزے کے حصول میں مدد کا کہا تھا جب کہ ویزے کے متمنی دیگر افراد میں فریحہ عثمان، طارق حسین، مبارک علی، سکینہ یونس اور نبیہہ راشد شامل ہیں۔

علاج کی نسبتاً بہتر اور سستی سہولتوں کی وجہ سے اکثر پاکستانی مریض بھارت میں علاج کے خواہش مند ہوتے ہیں لیکن دونوں ملکوں کے درمیان کشیدہ تعلقات کے باعث شہریوں کو ویزے کے حصول میں خاصی دشواری کا سامنا رہتا ہے۔

پاکستانی شہریوں کو بھارتی ویزے کی یقین دہانی ایک ایسے وقت سامنے آئی ہے جب چند روز قبل ہی پاکستان نے بھارت پر مریضوں کو ویزہ جاری نہ کر کے انسانی حقوق کی توہین کا مرتکب ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔

دفترِ خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے ترکی سے جگر کی پیوندکاری کرانے والے ایک پاکستانی بچے اسامہ علی کے ہمراہ کی گئی پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ اس بچے کو بھارت نے ویزہ جاری نہیں کیا تھا۔

ان کے بقول محکمۂ صحت کے عہدیداران اپنے ترک ہم منصبوں سے رابطے میں ہیں تاکہ پاکستانی مریضوں کے ترکی میں علاج کو سہل بنایا جا سکے۔

XS
SM
MD
LG