رسائی کے لنکس

اجے دیوگن اور کاجل اگروال کی نئی فلم 'سنگھم ' ریلیز ہوگئی


اجے دیوگن اور کاجل اگروال کی نئی فلم 'سنگھم ' ریلیز ہوگئی
اجے دیوگن اور کاجل اگروال کی نئی فلم 'سنگھم ' ریلیز ہوگئی

اس فلم کے اسٹنٹ ، ایکشن، اسکرپٹ اور جذباتی مناظر" دبنگ "سے کہیں زیادہ دلکش نظر آتے ہیں

بالی ووڈ اسٹارز اجےدیوگن، پرکاش راج، کاجل اگروال، سونالی کلرنی، گووند نام دیو اور سچن کھیڑیکر کی نئی فلم "سنگھم" ریلیز ہوگئی ہے۔ فلم کے پروڈیوسر اجے روہت جبکہ ڈائریکٹر روہت شیٹھی ہیں جبکہ موسیقی اجے اوراتل نے ترتیب دی ہے۔

"سنگھم " اسی ٹائٹل کے ساتھ جنوبی بھارت میں بن چکی ہے ۔ علاقائی فلموں کے میدان میں یہ سپر ہٹ قرار پائی تاہم ہندی میں اس کی ری میکنگ کے وقت اسکرپٹ میں کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ پچھلے سال باکس آفس پر ریکارڈ بزنس کرنے والی سلمان خان کی فلم" دبنگ "سے اس فلم کا موازنہ کیاجارہا ہے۔ لیکن اس فلم کے اسٹنٹ ، ایکشن، اسکرپٹ اور جذباتی مناظر" دبنگ "سے کہیں زیادہ دلکش نظر آتے ہیں ۔تاہم میوزک کے حوالے سے "سنگھم" سلو میاں کی فلم سے پیچھے ہے ۔ ورنہ انسپکٹر چلبل پانڈے کے سامنے چھوٹے سے گاوٴں شیوگڑھ کے پولیس اسٹیشن کا انسپکٹر باجی راوٴ سنگھم ہر معاملے میں کہیں زیادہ طاقت ور اور ہوشیار ہے۔

ریاست مہاراشٹر کی سرحد کے قریب واقع شیوگڑھ کا انسپکٹر باجی راؤ سنگھم(اجے دیوگن)کا تعلق اسی گاوٴں سے ہے۔ شیوگڑھ ایسا پولیس اسٹیشن ہے جہاں باجی راوٴ کے تقرر کے بعد کوئی رپورٹ درج ہی نہیں ہوئی۔ دراصل باجی راؤ کے کام کرنے کا انداز دوسروں سے مختلف ہے۔ وہ ہر مسئلے کا حل دونوں فریقوں کے درمیان صلح صفائی کراکے نکال لیتا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ شیو گڑھ ہی نہیں بلکہ آس پاس کے گاوٴں کے لوگ بھی اس کے دیوانے ہیں اور اس کے ایک اشارے پر اپنی جان دینے کو بھی تیار رہتے ہیں۔

باجی راوٴ کی زندگی میں اس وقت طوفان آتا ہے جب جے کانت شرکے (پرکاش راج) کو کورٹ کے ذریعے اسی تھانے میں پندرہ دن تک حاضری لگانے کا حکم سنایا جاتا ہے ۔ گوا کے کریمنل ورلڈ اور سیاست میں اثر و رسوخ رکھنے والے جے کانت کی نظروں میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں ۔ شرکے تھانے میں حاضری کے لئے وہ اپنے ایک آدمی کو بھیجتا ہے لیکن باجی راوٴ کی تیز نظروں سے وہ بچ نہیں پاتا اور مجبوری میں اسے تھانے آنا پڑتا ہے ۔

خود کو قانون سے برتر سمجھنے والے شرکے کا سامنا تھانے میں باجی راوٴ سے ہوتا ہے۔باجی راوٴ اس کی ایک نہیں چلنے دیتا اور یوں جے کانت اس سے بدلہ لینے کی ٹھانتا ہے ۔ قانونی کارروائی پوری کرکے جے کانت گوا آجاتا ہے ۔ جے کانت شرکے سیاسی اثرو رسوخ کے عوض باجی راوٴ کا تبادلہ گوا میں کرادیتا ہے اور اسے مختلف حربوں سے پریشان کرنا شروع کردیتا ہے ۔اس مشکل گھڑی میں اس کا ساتھ اس کی دوست کوویا (کاجل اگروال) اور اس کا اسٹاف دیتا ہے۔

فلم "وانٹیڈ" اور" بڈھا ہوگا تیرا باپ" میں نظر آنے والے پرکاش راج نے اس فلم میں کمال کی اداکاری کی ہے۔ فلم کی کہانی پرکاش راج کی اینٹری کے بعد رفتار پکڑتی ہے ۔ پرکاش نے شرکے کے کردار کو کچھ اس انداز سے نبھایا ہے کہ یہی کردار فلم کے کئی مناظر میں ہیرو باجی راوٴ سنگھم سے پر بھی بازی لے جاتا ہے ۔

ایک طویل مدت کے بعد اجے نے ثابت کیا کہ ایکشن میں وہ کسی سے پیچھے نہیں۔ اس سے پہلے بھی وہ کئی فلموں میں پولیس انسپکٹر کا کردار ادا کرچکے ہیں لیکن اس بار ان کا بدلہ ہوا انداز اور حیرت انگیز ایکشن ان کی پچھلی فلموں میں ادا کئے گئے انسپکٹر کے کردار پر حاوی آگئے ہیں۔ کوویا کے رول میں کاجل اگروال نے صرف کردار نبھایا ہے ۔

ڈائریکشن کے حوالے سے دیکھیں تو کامیڈی کے بعد روہت شیٹھی نے اس بار خود کو ایکشن فیلڈ میں بھی ماہر ثابت کیا ہے ۔ ویسے بھی روہت کو ایکشن تھرل بہت پسند ہے۔ روہت نے کہانی کو سست انداز میں پیش کیا ہے ۔ ایکشن ، اسکرپٹ، ڈائریکشن اور ایکٹنگ کی فیلڈ میں پاور فل سنگھم میوزک کے میدان میں پیچھے ہے ۔ فلم کا صرف ایک ٹائیٹل سانگ بہتر ہے ورنہ باقی گانوں میں سننے لائق کچھ نہیں۔


XS
SM
MD
LG