رسائی کے لنکس

مودی کی سعودی عرب آمد، سرمایہ کاری اجلاس میں شرکت کریں گے


بھارتی وزیر اعظم ریاض ہوائی اڈے پر جہاز سے اترتے ہوئے
بھارتی وزیر اعظم ریاض ہوائی اڈے پر جہاز سے اترتے ہوئے

بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی دو روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔

نریندر مودی نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’’سعودی عرب پہنچ گیا ہوں۔ اس اہم دورے کا مقصد ایک قابل قدر دوست ملک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔ دورے کے دوران میں بہت سے مختلف پروگراموں میں شرکت کروں گا۔‘‘

بھارتی وزیر اعظم آج ریاض میں سعودی بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔ دورے کے دوران وہ ’فیوچر انویسٹمنٹ اینی شئیٹو‘ (FII) کے اجلاس میں ’بھارت کی آئیندہ حکمت عملی کیا ہو گی‘ کے عنوان سے کلیدی خطاب کریں گے۔ اس اجلاس میں سرمایہ کار، سرکاری اہلکار اور اہم صنعتکار شرکت کریں گے۔

نریندر مودی نے سعودی عرب روانہ ہونے سے پہلے ایک بیان میں کہا کہ سعودی عرب بھارت کا اہم دوست ملک ہے اور وہ بھارت کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے۔

یہ نریندر مودی کا سعودی عرب کا دوسرا دورہ ہے۔ اس سے قبل انہوں نے 2016 میں سعودی عرب کا دورہ کیا تھا جس کے دوران شاہ سلمان نے انہیں سعودی عرب کے سب سے بڑے سول ایوارڈ سے نوازا تھا۔

سعودی عرب کے ساتھ بھارت کی تجارت کا حجم 2017-18 میں 27.48 ارب ڈالر تھا۔ یوں سعودی عرب بھارت کا چوتھا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔

XS
SM
MD
LG