رسائی کے لنکس

امریکہ کے وسط مُدتی انتخابات: ووٹرز نے کن مسائل کو اہمیت دی؟


رائے عامہ کے مختلف جائزوں کے مطابق امریکہ کے وسط مدتی انتخابات میں ووٹرز کے لیے اسقاطِ حمل کے حقوق اور مہنگائی اہم ترین مسائل میں سرِ فہرست رہے۔

عوامی رجحانات پر تحقیق کرنے والے ادارے 'ایڈیسن ریسرچ' کی رپورٹ کے مطابق ان ایشوز کے علاوہ جرائم کی بڑھتی ہوئی شرح اور ہتھیاروں سے متعلق قانون سازی جیسے موضوعات بھی رائے دہندگان کی توجہ کے مرکوز رہے۔

امریکہ میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات قانون سازی کرنے والے دو ایوانوں میں کسی بھی جماعت کی برتری کے لیے فیصلہ کُن ثابت ہوں گے۔

ان انتخابات میں تمام ریاستوں سے ایوانِ نمائندگان کے لیے 435 ارکان کا انتخاب ہونا ہے۔ اسی طرح ایک تہائی سینیٹرز بھی منتخب کیے جائیں گے۔

امریکہ کے صدر بائیڈن کا تعلق ڈیموکریٹک پارٹی سے ہے اور ان کی پارٹی کو ایوانِ نمائندگان میں ری پبلکنز پر معمولی برتری حاصل ہے۔ جب کہ 100 رکنی سینیٹ میں ری پبلکنز اور ڈیموکریٹس کی تعداد برابر ہے تاہم سینیٹ کی صدرات ڈیموکریٹ صدر کاملا ہیرس کے پاس ہے اس لیے ٹائی کی صورت میں وہ اپنا ووٹ استعمال کرسکتی ہیں۔

قانو ساز ایوان میں کسی جماعت کی برتری امریکہ میں قانون سازی کے سمت متعین کرتی ہے۔امریکہ میں زیرِ بحث کئی اہم ایشوز پر ملک کی دو بڑی جماعتوں ڈیموکریٹک اور ری پبلکن پارٹی کا مؤقف اور پالیسی مختلف ہے اس لیے انتخابی نتائج کو آئندہ ہونے والی قانون سازی اور اقدامات سے متعلق اہمیت دی جارہی ہے۔

اہم ترین مسائل کیا ہیں؟

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق ووٹرز کی آرا سے متعلق سامنے آنے والے مختلف سروے رپورٹس میں ان مسائل کی نشان دہی کی گئی ہے جنہیں رائے دہندگان نے ووٹ دیتے ہوئے زیادہ اہمیت دی ہے۔

سروے رپورٹس کے مطابق 10 میں سے چھ رائے دہندگان نے ’رو بنام ویڈ‘ کیس میں امریکہ کی سپریم کورٹ کے فیصلے پر ’عدم اطمینان یا برہمی‘ کا اظہار کیا ہے۔ اسی تناسب سے ووٹرز کی رائے تھی کہ اسقاطِ حمل کو قانونی حق تسلیم کیا جانا چاہیے۔

رواں برس جون میں امریکہ کی سپریم کورٹ نے اسقاطِ حمل کے حق سے متعلق 1973 کے میں دیے گئے اپنے ہی ایک فیصلے کو کالعدم قرار دیا تھا۔اس سے قبل سپریم کورٹ کے اسقاطِ حمل سے متعلق مشہور زمانہ 'رو بنام ویڈ' فیصلے میں اسقاطِ حمل کو قانونی عمل قرار دیا گیا تھا۔

تاہم اعلیٰ عدالت نے اس حق کو اب ختم کر دیا ہے جس کے بعد اب مختلف ریاستیں انفرادی سطح پر اسقاطِ حمل کے طریقۂ کار پر پابندی کے لیے قانون سازی کرسکتی ہیں۔اس فیصلے کے بعد سے مڈ ٹرم انتخابات میں اسقاطِ حمل کے حق سے متعلق قانونی سازی اہم انتخابی موضوع رہا ہے۔

'رائٹرز' کے مطابق 10 میں سے تین ووٹرز کے مطابق اسقاطِ حمل سے متعلق تحفظات ووٹنگ کے لیے ان کی اولین ترجیحات میں شامل تھا۔اسی طرح 10 میں سے 6 ووٹر اسقاطِ حمل کو قانونی حق تسلیم کرنے کے حامی اور 10 میں سے چار نے اس کی مخالفت کی۔

معیشت ، جرائم اور گن پالیسی

سروے رپورٹس کے مطابق ہر 10 میں سے تین ووٹرز کے لیے مہنگائی اہم ترین انتخابی ایشو تھا۔ اسی طرح 10 میں سے 8 ووٹرز کی رائے تھی کہ معاشی حالات 'بہت اچھے نہیں یا بہت خراب ہیں' اس کے مقابلے میں 10 میں سے دو ووٹرز نے معاشی حالات کو 'اچھا یا بہترین' قرار دیا۔

اسی طرح 10 میں سے چھ ووٹرز نے کہا کہ تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے ان کے لیے معاشی مسائل پیدا کیے ہیں۔ہر 10 میں سے 5 رائے دہندگان کا کہنا تھا کہ ان کے معاشی حالات ایک سال کے دوران بدترین ہوئے ہیں۔ تین کی رائے میں اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور ہر 10 میں سے دو افراد نے بتایا کہ ان کے معاشی حالات بہتر ہوئے ہیں۔

کیا ڈاکٹر اوز امریکہ کے پہلے مسلمان سینیٹر بن پائیں گے؟
please wait

No media source currently available

0:00 0:05:22 0:00

سروے رپورٹس سے معلوم ہوا کہ جرائم کی بڑھتی ہوئی شرح، امیگریشن سے متعلق پالیسی اور ہتھیاروں سے متعلق قوانین کے ایشوز ہر 10 میں سے ایک ووٹر کے لیے اہم تھے۔

سیاست اور جمہوریت

اگرچہ امریکہ میں صدر سمیت کئی اہم عہدوں پر عوامی رائے سے انتخاب ہوتا ہے۔ اسے دنیا کی مضبوط ترین جمہوریتوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ تاہم گزشتہ چند برسوں میں بڑھتی ہوئی سیاسی کشمکش نے امریکیوں میں جمہوریت کے مستقبل سے متعلق خدشات پیدا کیا ہے۔

حالیہ وسط مدتی انتخابات میں بھی ہر 10 میں سے 7 ووٹرز کا خیال تھا کہ امریکہ میں جمہوریت خطرے میں ہے۔

'رائٹرز' کے مطابق سروے رپورٹس میں ہر دس میں سے 7 ووٹر نے اس رائے کا اظہار کیا ہے کہ وہ صدر بائیڈن کو دوسری مدت کے لیے صدر دیکھنا نہیں چاہتے۔ 10 میں سے چھ ووٹرز کی رائے سابق صدر ٹرمپ کے لیے ناموافق اور ہر 10 میں سے چار ان کے حامی ہیں۔

رائے عامہ کے جائزوں میں یہ بات سامنے آئی کہ ووٹرز کی نصف تعداد نے صدر بائیڈن کی جانب سے طلبہ کے قرضوں کی معافی کے پروگرام کی تائید کی جب کہ کم و بیش نصف ہی نے اس پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔

امریکہ میں وسط مدتی انتخابات میں ووٹنگ کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ اس کے بعد آنے والے نتائج ہی سے درست اندازہ ہوگا کہ اس بار امریکہ کے وسط مدتی انتخاب میں کون سے ایشوز فیصلہ کُن ثابت ہوئے۔

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG