رسائی کے لنکس

یورپی چیمپئن لیگ: انٹر میلان چھٹی بار فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب


 انٹرمیلان نے سیمی فائنل کے دو لیگ میں مجموعی طور پر تین گول کیے۔
انٹرمیلان نے سیمی فائنل کے دو لیگ میں مجموعی طور پر تین گول کیے۔

یورپیئن چیمپئن لیگ کے پہلے سیمی فائنل میں فتح کے بعد انٹر میلان کلب چھٹی بار فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گیا ہے۔

فٹ بال چیمپئن لیگ کا سیمی فائنل دو لیگ (یعنی دو میچوں) پر مشتمل ہے۔ دونوں میچوں میں مجموعی طور پر زیادہ گول کرنے والی ٹیم فائنل تک رسائی حاصل کرتی ہے۔

اٹلی کے شہر میلان کے سان سیرو فٹ بال اسٹیڈیم میں سیمی فائنل کے دوسرے میچ میں انٹر میلان فٹ بال کلب کے فارورڈ اسٹرائیکر لاؤتارو مارتینس نے اے سی میلان کلب کے خلاف جب 74 ویں منٹ میں گول کیا تو یہ انٹر میلان کے لیے دوسرے لیگ میں فتح کی ضمانت بن گیا۔

دونوں ٹیمیں اس سے قبل پہلے میچ میں بھی مدِ مقابل آئی تھیں جس میں انٹر میلان نے دو صفر سے کامیابی حاصل کی تھی۔ یوں اے سی میلان کے خلاف انٹر میلان نے سیمی فائنل میں مجموعی طور پر تین صفر سے کامیابی اپنے نام کی ہے۔

یورپیئن چیمپئن لیگ کا فائنل 10 جون کو ترکی کے شہر استنبول کے اتاترک اسٹیڈیم میں ہوگا۔

انٹرمیلان کا مقابلہ فائنل میں ریال میڈریڈ یا مانچسٹر سٹی فٹ بال کلب میں سے کسی ایک سے ہوگا۔

ریال میڈرڈ اور مانچسٹر سٹی کے درمیان سیمی فائنل کا پہلا میچ ہو چکا ہے جس میں دونوں نے ایک ایک گول کیا تھا اور مقابلہ برابر رہا تھا۔ دونوں ٹیموں میں دوسرا میچ جمعرات کو کھیلا جائے گا جس میں کامیاب ہونے والی ٹیم کا مقابلہ فائنل میں انٹر میلان سے ہوگا۔

اے سی میلان کلب کے خلاف سیمی فائنل کے دوسرے میچ میں واحد گول کرنے والے انٹر میلان کے کھلاڑی لاؤتارو مارتینس کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم نے سیمی فائنل کے دونوں میچوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ لاؤتارو مارتینس کا تعلق جنوبی امریکہ کے ملک ارجنٹائن سے ہے جس نے گزشتہ برس دسمبر میں قطر میں ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ میں کامیابی حاصل کی تھی۔ لاؤتارو مارتینس اس فاتح ٹیم کا بھی حصہ تھے۔

چیمپئن لیگ کے سیمی فائنل میں اپنی ٹیم کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے لاؤتارو مارتینس کا کہنا تھا " ہماری ٹیم میں اتحاد تھا۔ میں نے اس اتحاد کا تجربہ ورلڈ کپ میں بھی دیکھا تھا۔ ٹیم میں اتحاد ہونا ہی سب سے اہم ہے۔ اگر ٹیم متحد ہے تو سب کچھ آسان ہو جاتا ہے اور ہماری ٹیم نے اسی اتحاد کا مظاہرہ کیا ہے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ چیمپئن لیگ کا فائنل کھیلنا بھی ایک خواب ہے۔ ہماری ٹیم نے اس سیزن کا آغاز گول داغنے سے کیا تھا اور آج اسی میں سے ایک اہم گول داغا گیا۔

خیال رہے کہ یورپیئن چیمپئن لیگ کا آغاز سات دہائیوں قبل ہوا تھا ، اس میں لگ بھگ 80 فٹ بال کلبوں کی ٹیمیں کھیلتی ہیں جن میں سے 32 گروپ اسٹیج تک رسائی حاصل کرتی ہیں۔

یورپیئن چیمپئن لیگ سب سے زیادہ 14 بار دفاعی چیمپئن ریال میڈرڈ نے جیتی ہے جب کہ گزشتہ 10 سیزنز میں سے پانچ بار اس نے ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔

انٹر میلان فٹ بال کلب اب تک تین بار یورپیئن چیمپئن کا تاج پہن چکا ہے ۔ اس نے آخری بار 10-2009 کے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی اور کامیابی حاصل کی تھی۔

XS
SM
MD
LG