رسائی کے لنکس

جنوبی افریقہ سوڈانی صدر کو گرفتار کرے: بین الاقوامی عدالت


سوڈان کے صدر عمر البشیر (فائل فوٹو)
سوڈان کے صدر عمر البشیر (فائل فوٹو)

عدالت کی طرف سے صدر بشیر کے دو وارنٹ جاری کیے جا چکے ہیں جن پر ابھی تک عملدرآمد نہیں ہو سکا ہے۔

جرائم کی بین الاقوامی عدالت نے جنوبی افریقہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سوڈان کے صدر عمر البشیر کو گرفتار کرے جو اس وقت افریقی یونین کی ایک کانفرنس میں شرکت کے لیے جوہانسبرگ میں ہیں۔

عدالت کی طرف سے صدر بشیر کے دو وارنٹ جاری کیے جا چکے ہیں جن پر ابھی تک عملدرآمد نہیں ہو سکا ہے۔

ان پر جنگی جرائم اور دارفور کے تنازع کے دوران 2003ء میں وہاں مسلح تحریک کو کچلنے کے لیے فوج بھیج کر اور عرب ملیشیا کی حمایت کر کے نسل کشی میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔

اقوام متحدہ کے مطابق اس پسماندہ خطے میں ہونے والی لڑائی سے تقریباً تین لاکھ افراد ہلاک جب کہ بیس لاکھ لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔

جرائم کی بین الاقوامی عدالت کے صدر صدیقی کابا نے ایک بیان میں کہا کہ "جنوبی افریقہ نے اس عدالت کو مضبوط کرنے کے لیے ہمیشہ کردار ادا کیا ہے، اسے اب وارنٹس کی پاسداری کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گا۔"

مبصرین کا خیال ہے کہ بین الاقوامی عدالت کی تشکیل کے لیے ہونے والے معاہدے پر دستخط کرنے والا جنوبی افریقہ شاید اپنے ہاں ہونے والی کانفرنس میں شریک سوڈانی رہنما کو گرفتار نہ کرے۔

افریقی یونین یہ الزام عائد کرتی آئی ہے کہ جرائم کی بین الاقوامی عدالت غیرمنصفانہ انداز میں افریقی رہنماؤں کو نشانہ بناتی رہی ہے۔

عمر البشیر نے رواں ماہ کے اوائل میں ہی آئندہ پانچ سال کے لیے سوڈان کے صدر کا منصب سنبھالا تھا۔

XS
SM
MD
LG