رسائی کے لنکس

عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن تعصب کا مظاہرہ کررہا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے جانے والے چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کردیے ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے تین رکنی لارجر بینچ نے منگل کو الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی چیئرمین کے خلاف جاری توہینِ عدالت کی کارروائی کے خلاف عمران خان کی درخواست کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن تعصب کا مظاہرہ کررہا ہے۔

الیکشن کمیشن کے وکیل نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی مخالفت کی اور موقف اختیار کیا کہ عمران خان کی درخواست قابلِ سماعت نہیں۔

کمیشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے انہیں طلب کرکے ان کی توہین کی ہے۔

وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن توہینِ عدالت کیس میں قانون کی عملداری کے لیے یہ سارا عمل کر رہا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا سیاست دان آئین اور قانون سے بالاتر ہوگئے ہیں؟

بابر اعوان نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ عمران خان نے رضاکارانہ طور پر الیکشن کمیشن میں پیش ہونے کی حامی بھر لی ہے جس پر عدالت نے الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے عمران خان کو الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری شو کاز نوٹس کا جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت سات نومبر تک ملتوی کردی۔

XS
SM
MD
LG