رسائی کے لنکس

جیمز بانڈ کو مرنے کی فرصت نہیں


جیمز بانڈ (فائل فوٹو)
جیمز بانڈ (فائل فوٹو)

جیمز بونڈ کی اگلی فلم کے ٹریلر کو چند روز میں ایک کروڑ دس لاکھ سے زیادہ بار دیکھا جا چکا ہے۔ بانڈ سیریز کی 25ویں فلم کا نام ’’نو ٹائم ٹو ڈے‘‘ یعنی ’مرنے کا وقت نہیں‘ آئندہ سال 2 اپریل کو برطانیہ اور 8 اپریل کو امریکہ میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

برطانوی اداکار ڈینئل کریگ پانچویں بار جیمز بانڈ کے روپ میں جلوہ گر ہوں گے۔ خاص بات یہ ہے کہ ان کے مقابل ولن کا کردار اس سال آسکر ایوارڈ حاصل کرنے والے ریمی ملک نبھارہے ہیں۔ فلم کے ڈائریکٹر ایچ بی او کی سیریز ٹرو ڈیٹیکٹو کے لیے ایمی ایوارڈ یافتہ کیری جوجی فوکوناگا ہیں۔ اتفاق سے بانڈ 25 پر ٹھیک 25 کروڑ ڈالر لاگت آئی ہے۔

فلم کی کہانی ماضی سے اس لیے مختلف ہے کہ جیمز بانڈ ملازمت چھوڑ چکا ہے اور جمیکا میں زندگی کا لطف اٹھا رہا ہے۔ امریکی سی آئی اے میں بانڈ کا دوست فیلکس اس سے رابطہ کرتا ہے اور ایک مغوی سائنس دان کی بازیابی میں مدد کی درخواست کرتا ہے۔ یہ معاملہ بانڈ کی توقعات سے زیادہ پیچیدہ نکلتا ہے اور اس کا واسطہ ایک ایسے پراسرار ولن سے پڑتا ہے جو جدید ٹیکنالوجی سے مسلح ہے۔

فلم کے ٹریلر میں حسب سابق خوبصورت قدرتی مناظر اور نئی گاڑیاں دیکھی جا سکتی ہیں جب کہ تیز ایکشن آنکھ نہیں جھپکنے دیتا۔ ڈھائی منٹ میں ڈینئل کریگ مسلسل متحرک نظر آتے ہیں جب کہ ریمی ملک کی فقط ایک جھلک موجود ہے۔

بانڈ فلموں کی کمپنی ایئون پروڈکشنز سے تقسیم کار کولمبیا پکچرز کا معاہدہ ختم ہو گیا ہے اور نو ٹائم ٹو ڈے بانڈ سیریز کی پہلی فلم ہو گی جسے دنیا بھر میں یونیورسل پکچرز پیش کرے گی۔

XS
SM
MD
LG