رسائی کے لنکس

جاپان کے شہنشاہ کا اپریل 2019ء میں تخت چھوڑنے کا اعلان


شہنشاہ اکی ہیٹو اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ (فائل فوٹو)
شہنشاہ اکی ہیٹو اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ (فائل فوٹو)

شہنشاہ اکی ہیٹو جاپان کی کرسین تھیمم بادشاہت کی گزشتہ دو سالہ تاریخ میں پہلے شہنشاہ ہیں جو رضاکارانہ طور پر تخت سے دستبردار ہوں گے۔

جاپان کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ شہنشاہ اکی ہیٹو 30 اپریل 2019ء کو تخت سے دستبردار ہوجائیں گے۔

جمعے کو جاری کیے جانےو الے ایک بیان کے مطابق شہنشاہ اکی ہیٹو کے دستبردار ہونے کے بعد اگلے ہی روز ان کے بڑے بیٹے اور ولی عہد نارو ہیٹو جاپان کے نئے شہنشاہ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

شہنشاہ کی تخت سے دستبرداری کی تاریخ کا فیصلہ جمعے کو ایمپیریل ہاؤس کونسل کے اجلاس میں کیا گیا جو جاپان میں شہنشاہیت کے امور کی دیکھ بھال کرتی ہے۔

تراسی سالہ شہنشاہ اکی ہیٹو نے گزشتہ سال کہا تھا کہ وہ بہت بوڑھے اور کمزور ہوگئے ہیں جس کے باعث انہیں اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں مشکل ہورہی ہے۔

شہنشاہ نے 2016ء میں غیر روایتی طور پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی صحت بتدریج خراب ہورہی ہے اور انہیں خدشہ ہے کہ وہ مستقبل میں اس طرح اپنی ذمہ داریاں انجام نہیں دے پائیں گے جیسے وہ ریاست کی علامت کے طور پر اب تک انجام دیتے آرہے تھے۔

حالیہ چند برسوں کے دوران میں شہنشاہ اکی ہیٹو کو دل کی سرجری اور مثانے کے کینسر کے علاوہ کئی اور امراض بھی لاحق رہے ہیں جن سے ان کی صحت پر فرق پڑا ہے۔

شہنشاہ کی جانب سے تخت سے دستبردار ہونےکے عندیے کے بعد جاپان کی پارلیمان نے رواں سال ایک قانون منظور کیا تھا جس کے تحت شہنشاہ اکی ہیٹو کو رضاکارانہ طور پر تخت سے علیحدہ ہونے کا اختیار دے دیا گیا ہے۔ تاہم اس قانون کا اطلاق مستقبل کے کسی شہنشاہ پر نہیں ہوگا۔

پارلیمان نے شہنشاہ کی تخت سے دستبرداری کی تاریخ کا انتخاب ایمپیریل ہاؤس کونسل پر چھوڑ دیا گیا تھا جس کی سربراہی وزیرِاعظم شنزو ایبے کرتے ہیں۔

جمعے کو کونسل کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے وزیرِاعظم ایبے نے کہا کہ کونسل نے شہنشاہ کی تخت سے دستبرداری کے لیے 30 اپریل 2019ء کی تاریخ مقرر کی ہے۔

شہنشاہ اکی ہیٹو جاپان کی کرائسن تھیمم بادشاہت کی گزشتہ دو سالہ تاریخ میں پہلے شہنشاہ ہیں جو رضاکارانہ طور پر تخت سے دستبردار ہوں گے۔

جاپان میں شہنشاہیت دو ہزار سال پرانی ہے اور اس کا شمار دنیا کی قدیم ترین بادشاہتوں میں ہوتا ہے۔ جاپان کی بادشاہت اب دنیا کی وہ واحد بادشاہت ہے جس کے سربراہ کے لیے شہنشاہ کا لقب استعمال کیا جاتا ہے۔

شہنشاہ اکی ہیٹو نے 1989ء میں اپنے والد شہنشاہ شووا کے انتقال کے بعد تخت سنبھالا تھا۔

XS
SM
MD
LG