رسائی کے لنکس

کراچی: جماعت اسلامی کا 'القدس ملین مارچ'


کراچی میں جماعت اسلامی کے تحت ’القدس ملین مارچ' ہوا جس میں ہزاروں شہریوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں پاکستان اور فلسطین کے پرچم اٹھا رکهے تهے، اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا۔

یونیورسٹی روڈ پر ہونے والے مارچ میں شرکاء نے یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی اقدام پر اپنے غم و غصہ کا اظہار کیا۔

مارچ کے شرکاء سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ مسلمانوں کے قبلۂ اول القدس کی آزادی کی جدوجہد ایک مقدس جہاد ہے۔ ملین مارچ کا مقصد یہ اعلان کرنا ہے کہ ہم اس مقدس جہاد میں فلسطینی مسلمان کے ساتھ ہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ ''امریکہ کا اسرائیل کو بیت المقدس کا دارالحکومت قراردینے کے فیصلے کو واپس لینے تک جدوجہد جاری رہے گی''۔

جماعت اسلامی کے سربراہ نے مطالبہ کیا کہ ''تمام اسلامی ممالک امریکی فیصلے کی واپسی تک امریکہ سے اپنے سفیر واپس بلا لیں۔ عالم اسلام کے حکمران امریکہ کے خلاف جرات مندانہ مؤقف اختیار کرتے ہوئے مسلم عوام کے احساسات و جذبات کی ترجمانی کریں''۔

سراج الحق کے مطابق، ''القدس سے محبت کرنے والا جب تک ایک مسلمان بھی زندہ ہے اس وقت تک امریکہ اور اسرائیل کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔ ہم پاکستان میں رہتے ہوئے جو کرسکتے ہیں وہ ضرور کریں گے اور حکمرانوں کو بھی خواب غفلت سے بیدار کر رہے ہیں کہ وہ امریکہ اور اسرائیل کے خلاف جرات مندانہ مؤقف اختیار کریں''۔

سراج الحق کا یہ بهی کہنا تها کہ ''سعودی قیادت میں قائم ہونے والا فوجی اتحاد مسلمانوں کے قبلۂ اول بیت المقدس اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے واضح طور پر اپنے ایجنڈے کا اعلا ن کرے''۔

مارچ سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن، نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی، ملی مسلم لیگ کے نائب صدر ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی، مجلس علماء شیعہ کے رہنما علامہ مرزا یوسف اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

مارچ میں خواتین، بچوں کی بهی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ اقلیتی برادری کے لوگوں نے بهی مارچ میں شرکت کرکے امریکی فیصلے پر احتجاج ریکارڈ کرایا۔

XS
SM
MD
LG