رسائی کے لنکس

یروشلم کے مسئلے پر کراچی میں خواتین کا مظاہرہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

احتجاجی مظاہرے میں شریک خواتین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جس میں فیصلے کے خلاف اور القدس شریف کی آزادی کے حق میں نعرے درج تھے۔

محمد ثاقب

امریکی صدر کی جانب سے یروشلم کو اسرائیل کا دارلحکومت تسلیم کرنے کے خلاف کراچی میں خواتین نے مظاہرہ کیا۔ امیر جماعت اسلامی سید سراج الحق نے کہا کہ یروشلم کو اسرائیلی دارلحکومت تسلیم کرنا درحقیقت اعلان جنگ کے مترادف ہے۔

کراچی کی نیو ایم اے جناح روڈ پر خواتین کے مظاہرے سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے امریکی فیصلے پر کڑی تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں یروشلم اسرائیل کا دارلحکومت منظور نہیں۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ بیت المقدس عرب-اسرائیل تنازعہ نہیں بلکہ یہ عالم اسلام کا مسئلہ ہے۔ ٹرمپ کا فیصلہ عالم اسلام کے خلاف کھلی جنگ کا اعلان کے مترادف ہے۔

سینیٹر سراج الحق نے سعودی عرب کی قیادت میں مسلمان ممالک کی فوج کے اتحاد کی اس معاملے پر خاموشی پر بھی کڑی تنقید کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوجی اتحاد اپنی پوزیشن واضح کرے کہ یہ اتحاد کس غرض سے بنایاگیا ہے۔

سراج الحق نے مسلم دنیا کے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ ٹرمپ کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے فیصلے کے خلاف ایکشن پلان مرتب کرے۔ مسلم ممالک میں امریکی سفارت خانے بند کیے جائیں اور امریکہ کے معاشی بائیکاٹ کا اعلان کیا جائے۔

سراج الحق نے مزید کہا کہ ہم بیت المقدس کے تحفظ کے لیے اپنے خون کا آخری قطرہ تک بہانے کو تیار ہیں۔ یہ کوئی جذباتی بات نہیں بلکہ ہمارے ہمارے ایمان کا مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ فرانس اور دیگر ممالک کے ساتھ ساتھ خود امریکی عوام نے ٹرمپ کے فیصلے کو مسترد کر دیا ہے۔ چار ہزار سال سے فلسطینی وہاں آباد ہیں یہ قبلہ اول اور ہماری محبتوں کا مرکز ہے ہم کسی قیمت پر بیت المقدس میں امریکہ کے سفارت خانے کو برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ المیہ یہ ہے کہ پوری دنیا کے عوام سراپا احتجاج ہیں مگر مسلم حکمران بے حسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں فوری طور پر او آئی سی کا اجلاس تک نہیں بلایا گیا۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ بیت المقدس قبلہ اول ہے جس طرح ہمارے لیے مقدس مقامات مسجد الحرام ، مدینہ المنورہ ہیں اسی طرح ہمارے لیے بیت المقدس بھی ہے، اسرائیل نے جب فلسطین پر قبضہ کیا تو اس نے یروشلم کو اپنا دارلحکومت بنانے کا اعلان کیا لیکن دنیا نے اسے تسلیم نہیں کیا تھا مگر امریکی صدر ٹرمپ نے اب یہ اعلان کردیا ہے۔ اس وقت پوری دنیا سراپا احتجاج ہے۔ فلسطینی قبلہ اول کی آزادی کے لیے جنگ کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہم ٹرمپ کے اس فیصلے کے خلاف بڑی تحریک کا آغاز کر رہے ہیں۔ حافظ نعیم کے مطابق امریکہ نے اپنے اس فیصلے سے پوری دنیا کے امن کو خطرات سے دو چار کر دیا ہے۔

احتجاجی مظاہرے میں شریک خواتین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جس میں فیصلے کے خلاف اور القدس شریف کی آزادی کے حق میں نعرے درج تھے۔

XS
SM
MD
LG