رسائی کے لنکس

بانی پاکستان محمد علی جناح کی بیٹی دینا واڈیہ انتقال کر گئیں


دینا اپنے والد محمد علی جناح اور پھپھو فاطمہ جناح کے ساتھ۔ (فائل)
دینا اپنے والد محمد علی جناح اور پھپھو فاطمہ جناح کے ساتھ۔ (فائل)

وہ محمد علی جناح اور اُن کی بیگم رتن بائی کی اکلوتی اولاد تھیں۔ اُن کی ولادت 1919ء میں 14 اور 15 اگست کی درمیانی شب ہوئی تھی۔

پاکستان کے بانی رہنما محمد علی جناح کی بیٹی دینا واڈیہ جمعرات کے روز نیویارک میں اپنی رہائش گاہ پر انتقال کر گئیں۔ اُن کی عمر 98 برس تھی۔

وہ محمد علی جناح اور اُن کی بیگم رتن بائی کی اکلوتی اولاد تھیں۔ اُن کی ولادت 1919ء میں 14 اور 15 اگست کی درمیانی شب ہوئی تھی۔

اپنی بیگم رتن بائی سے علیحدگی اور پھر اُن کے انتقال کے بعد دینا کی پرورش محمد علی جناح نے خود کی تھی۔ وہ اپنی بیٹی سے بے پناہ محبت کرتے تھے لیکن اُن کے تعلقات اُس وقت کشیدہ ہوئے جب دینا نے بھارت کے ایک پارسی شخص نیول واڈیہ سے شادی کر لی۔ اُس وقت دینا کی عمر 17 برس تھی۔

دینا اور نیول واڈیہ نے ممبئی میں سکونت اختیار کی تھی جہاں اُن کا ایک بیٹا اور بیٹی پیدا ہوئے۔ بعد میں ان دونوں میں طلاق ہوگئی تھی۔

دینا نے پہلی بار 1948ء میں اُس وقت پاکستان کا دورہ کیا تھا جب اُن کے والد اور نوزائیدہ ملک پاکستان کے بانی محمد علی جناح کا انتقال ہوا تھا۔ اُس کے بعد دینا 2004ء میں اپنے بیٹے نسلی واڈیہ اور پوتوں جہانگیر اور نیس کے ہمراہ پاکستان آئی تھیں۔

اپنے والد کا مقبرہ دیکھنے کے بعد، دینا نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کرتے ہوئے لکھا تھا: ’’یہ میرے لئے بیک وقت ایک غمگین اور خوشگوار موقع ہے۔ خدا کرے کہ پاکستان کے بارے میں اُن کا خواب پورا ہو۔‘‘

دینا واڈیہ کے انتقال پر سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات کا ایک سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG