رسائی کے لنکس

اسلام آباد کو ہرا کر کراچی کنگز ’پلے آف‘ میں پہنچ گئی


پاکستان سپر لیگ سیزن تھری کے 30ویں میچ میں عثمان خان اور شاہد آفریدی کی شاندار کارکردگی کے باعث کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو باآسانی7 وکٹوں سے شکست دے کر ’پلے آف‘ کے لئے کوالیفائی کر لیا۔ پہلا ’پلے آف‘ اتوار کو ان ہی دو ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کراچی کنگز کے بولرز کی عمدہ بولنگ کے باعث صرف 124رنز بنا سکی۔ کراچی نے یہ ہدف17 اوورز میں صرف 3وکٹیں گنوا کر حاصل کرلیا۔

شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں ایونٹ کے اہم ترین میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جسے بولرز نے اپنی نپی تلی بولنگ سے درست ثابت کیا۔ عثمان خان شنواری نے اپنے پہلے ہی اوور میں جے پی ڈومینی کو 4رنز پر پویلین واپس بھیج دیا۔

اس کے بعد وکٹیں گرنے کا ایسا سلسلہ شروع ہوا کہ آصف علی کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین کراچی کے بولرز کا جم کر سامنا نہ کرسکا۔ ہیلز 11۔ والٹن 21۔ مصباح الحق 19، آصف علی 34اور عماد بٹ کے سوا کوئی بھی بیٹسمین ڈبل فیگر میں اسکور نہ کرسکا اور پوری ٹیم 19اوور میں 123رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

عثمان خان شنواری نے 17رنز کے عوض 4کھلاڑیوں کو آؤٹ کیاجبکہ شاہد آفریدی اور محمد عرفان جونیئر نے دو۔ دو وکٹیں لیں۔ان دو وکٹوں کے ساتھ ہی آفریدی نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپنی 300وکٹیں بھی مکمل کرلیں۔ وہ پہلے پاکستانی ہیں جس نے یہ کارنامہ سرانجام دیا ہے۔

ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کے خرم منظور اور ڈینلی نے برق رفتار آغاز فراہم کیا اور چوتھے ہی اوور 33 رنز بنا ڈالے۔

بولنگ میں تبدیلی کرکے اسٹیفن فن کو اٹیک کے لئے لایا گیا جو کارگر ثابت ہوئے اور خرم منظور 15رنزپر پویلین واپس بھیج دیا۔

نئے آنے والے بیٹسمین بابر اعظم اور ڈینلی نے رنز بنانے کی رفتار کم نہ ہونے دی اور آٹھویں اوور میں مجموعی اسکور 69رنز تک پہنچا دیا۔ ڈینلی36 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ کپتان ایون مورگن زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہر سکے اور صرف 2رنز بنا سکے۔

بابر اعظم اور انگرام نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے17اوور میں 125رنز بناکر نہ صرف میچ اپنے نام کر لیا، بلکہ ’پلے آف‘ مرحلے کے لئے بھی کوالیفائی کرلیا۔ بابر اعظم 29اور انگرام 31رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

اس میچ کے ساتھ ہی پی ایس ایل کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے جس کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ(14)۔کراچی کنگز(11)۔پشاور زلمی(10) اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز(10) نے پلے آف مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا ہے۔

ایونٹ کا پہلا پلے آف میچ 18مارچ (اتوار)کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG