رسائی کے لنکس

پوائنٹس ٹیبل پر پشاور زلمی کی دوسری پوزیشن، لاہور کو 7 وکٹوں سے شکست


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان سپر لیگ کے 29ویں میچ میں کامران اکمل کی شاندار سنچری کی بدولت پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو باآسانی 7 وکٹوں سے ہراکر پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔ پی ایس ایل کے رواں سیزن میں کسی بھی کھلاڑی کی یہ پہلی سنچری ہے۔

لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے۔ جواب میں پشاور زلمی نے مطلوبہ ہدف 12 گیندوں پہلے صرف تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں لاہور قلندرزنے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ فخرزمان اور ڈیوسیچ نے اننگز شروع کی لیکن لاہور کو جلد ہی پہلا نقصان فخرزمان کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ وہ صرف 11 رنز بناکر حسن علی کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔

پشاور زلمی کو دوسری وکٹ کے لئے بھی زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور کپتان مک کولم کوصرف 7 رنزپر سمین گل نے کلین بولڈ کردیا۔

ڈیوسیچ اور آغا سلمان نے تیسری وکٹ کی شراکت میں قیمتی 55 رنز جوڑ کر اسکور 95رنز تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر آغا سلمان 28 رنز بناکر ڈیوسیچ کا ساتھ چھوڑ گئے۔

ڈیوسیچ نے دھواں اننگز کھیلتے ہوئے 42 گیندوں پر 70 رنز بنائے،ان کی اننگز میں سات چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔

گلریز صدف اور سہیل اختر نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے برق رفتار 53 رنز بناکر اسکور 172رنز تک پہنچادیا۔ سہیل اختر نے صرف 16گیندوںپر 30جبکہ گلریز نے 21 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ناقابل شکست 26 رنز بنائے۔

یوں لاہور قلندرز نے مقررہ بیس اوور ز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 172رنز بنا لئے۔

حسن علی نے دو جبکہ سمین گل اور وہاب ریاض نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

لاہور قلندرز کے 172 رنز کے جواب میں پشاور زلمی کی اننگز کا آغاز دھواں دار انداز میں ہوا ۔ کامران اکمل اور ویسلز نے پہلے ہی اوور میں 20 رنز بنا ڈالے لیکن اگلے ہی اوور کی پہلی گیند پر ویسلز کو صرف چار رنز پر ایبٹ نے کلین بولڈ کردیا۔

نئے آنے والے بیٹسمین استمھ اور کامران اکمل نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 41 رنز کا اضافہ کیالیکن اسمتھ کو یاسر شاہ نے 14 رنز پر کلین بولڈ کردیا۔

اس کے بعد کامران اکمل اور محمد حفیظ نے پراعتماد بیٹنگ کی اور قلندرز کے بولر کو وکٹ لینے کا کوئی موقع نہیں دیا اور تیسری وکٹ کی شراکت میں 87 رنز بناکر میچ کو پشاور زلمی کے حق میں کر دیا۔ حفیظ 27 رنز بناکر یاسر شاہ کی گیند پر کلین بولڈ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔

کامران اکمل نےلاہور قلندرز کے کسی بھی بولر کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے چھکوں اور چوکوں کی بارش کردی اور صرف 61گیندوں پر 7چوکے اور 11چھکے لگا کر ناقابل شکست 107رنز بناکر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔

سعد نسیم نے بھی کامران اکمل کا بھرپور ساتھ دیا اور صرف 8 گیندوں پر 17 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ یوں پشاور زلمی نے 172 رنز کا ہدف 18 اوورز میں صرف تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ 14پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے اورپشاور زلمی وکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے10، 10،کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے 9،9 اور لاہور قلندرز کے 6 پوائنٹس ہیں۔

XS
SM
MD
LG