رسائی کے لنکس

پی ایس ایل کا جنون، فائنل کے تمام ٹکٹ چند گھنٹوں میں بک گئے


وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کے انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں ۔ 15 مارچ 2018
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کے انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں ۔ 15 مارچ 2018

پاکستان سپرلیگ سیزن تھری کا فائنل یوں تو 25مارچ کوہو گا لیکن کراچی میں پی ایس ایل کا جادو ابھی سے سر چڑھ کر بولنے لگا ہے اوراس کا ثبوت ہے چند گھنٹوں کے اندر فائنل کے تمام ٹکیں فروخت ہو گئیں۔

اس کی بڑی وجہ 9 سال کے طویل وقفے کے بعد انٹر نیشنل کرکٹ کی کراچی میں واپسی بھی ہے۔ جمعرات کے روز وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا دورہ کیا اور فائنل کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

ساتھ ہی انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بھی کہہ دیا کہ کسی کو مفت ٹکٹ نہیں ملیں گے ۔ٹکٹ خرید کر میچ انجوائے کریں یا پھر گھربیٹھ کر اسے ٹیلی وژن پر دیکھیں۔

ٹکٹ فروخت کرنے والی کمپنی کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ اینڈ پبلک افیئرز نیر سیفی نے بتایا کہ فائنل میچ کے ٹکٹ کی آن لائن فروخت کا آغاز بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب بارہ بجے ہوا تھا، لیکن جیسے ہی فروخت شروع ہوئی ویب سائٹ پر اس قدر رش ہوا کہ ویب سائٹ ہی کریش کر گئی۔

ادھر جمعرات کی صبح نو بجے مقامی کوریئر کمپنی’ ٹی سی ایس ‘کی مقررہ 32شاخوں پرٹکٹوں کی فروخت شروع ہوئی لیکن ہر برانچ پر صبح ہی سے کرکٹ کے دیوانوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ چکی تھیں جن میں خواتین بھی بڑی تعداد میں شامل تھیں۔

سندھ کے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ اسٹیڈیم میں فائنل میچ کے انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
سندھ کے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ اسٹیڈیم میں فائنل میچ کے انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

ابتدائی چند گھنٹے میں ہی ایک،چار اورآٹھ ہزارمالیت کے ٹکٹ بک گئے اوراس کے کچھ ہی دیربعد کورئیرکمپنی نے تمام انکلوژرز کے ٹکٹ فروخت ہونے کا اعلان کردیا۔

ایک،چار،آٹھ اوربارہ ہزارمالیت کے ٹکٹ فروخت کے لئے پیش کئے گئے تھے۔

جوشائقین کرکٹ ٹکٹ کے حصول میں کامیاب ہوئے وہ اپنی محنت وصول ہونے پر وکٹری کا نشان بناتے دکھائی دیئے جبکہ بغیر ٹکٹ کے مایوس لوٹنے والوں کو شکایات بھی تھیں۔

کچھ افراد نے الزام لگایا کہ ایک ہزار کے ٹکٹ چھپا لئے گئے تھے جبکہ کچھ نے ٹکٹ بلیک ہونے کا الزام بھی لگایا ۔ٹکٹ نہ ملنے پر کچھ افراد نے دل کی بھڑاس انتظامیہ کیخلاف نعرے بازی کرکے نکالی۔

ٹکٹوں کی فروخت کی گہماگہمی کے بعد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کیا اورانتظامات کا جائزہ لیا ۔میڈیا سے گفتگومیں انہوں نے کہا کہ ’سندھ حکومت پی ایس ایل فائنل کے لئے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کررہی ہے۔ یہ ہمارا ایونٹ ہے جسے کامیاب بنائیں گے۔ ویسے تو پی ایس ایل میں شریک تمام ٹیموں کے لئے نیک خواہشات ہیں لیکن بطور وزیراعلیٰ سندھ اورکراچی والا ہونے کے سبب خصوصي دعائیں اورنیک تمنائیں کراچی کنگز کے لئے ہیں۔

وزیراعلیٰ کا یہ بھی کہنا تھا کہ کسی کو بھی پی ایس ایل تھری کا فائنل دیکھنے کے لئے فری پاس نہیں ملے گا ۔ٹکٹ خریدیں اورمیچ انجوائے کریں۔ اگر یہ نہیں کرسکتے تو پھر گھر بیٹھ کر ٹی وی پرمیچ دیکھیں۔

وزیراعلی مراد علی شاہ کے ساتھ صوبائی وزیرداخلہ سہیل انورسیال اورلوکل گورنمنٹ کے وزیرجام خان شورو بھی موجود تھے۔

XS
SM
MD
LG