رسائی کے لنکس

کراچی کنگز کو شکست، پشاور زلمی کی پلے آف مرحلے کے لئے امیدیں برقرار


کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان شارجہ میں مقابلے کا ایک منظر ۔ 15 مارچ 2018
کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان شارجہ میں مقابلے کا ایک منظر ۔ 15 مارچ 2018

پاکستان سپر لیگ سیزن تھری کے 27 ویں میچ میں پشاور زلمی نے کامران اکمل اور ڈاؤسن کی شاندار کارکردگی کے باعث کراچی کنگز کو 44 رنز سے ہرا دیا۔ اس جیت کے بعد پشاور زلمی کے پلے آف مرحلے میں جانے کی امیدیں اب بھی برقرار ہیں۔

شارجہ کرکٹ گراؤنڈ پر پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، لیکن اوپنرز محمد حفیظ اور کامران اکمل اچھا آغاز نہ دے سکے اور محمد حفیظ بغیر کھاتہ کھولے عثمان خان کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔

اننگز کی ابتداء ہی میں نقصان کے باوجود اسمتھ اور کامران اکمل نے تیزی سے رنز بنائے اور دوسری وکٹ کی شراکت میں 44 رنز جوڑ کر اسکور 47 رنزتک پہنچا دیا۔

اسمتھ 15رنز بناکر کامران اکمل کا ساتھ چھوڑ گئے، ویسلز بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 11رنز بناکر پویلین کی راہ لی۔

اس دوران کامران اکمل نے برق رفتار رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور صرف 51 گیندوں پر دھواں دار 75 رنز بنائے۔

سعد نسیم اور کپتان ڈیرن سیمی نے 42 رنز بناکر اسکور 160 رنز تک پہنچا دیا۔ سعد نسیم صرف 18گیندوں پر 35رنز بناکر ہمت ہار گئے۔

ڈیرن سیمی نے کپتان اننگز کھیلی اور صرف 15 گیندوں پر چار چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 36 رنز بنائے۔ اس طرح پشاور زلمی نے مقررہ بیس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے۔

کراچی کنگز کے عثمان خان نے تین جبکہ محمد عامر، شاہد آفریدی اور روی بوپارا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی اننگز کا آغاز بھی اچھا نہ رہا اور صرف 15رنز پر ڈینلی بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے۔انگرام بھی ڈینلی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بغیر کوئی رن بنائے گراؤنڈ سے باہر چلے گئے۔

کپتان ایون مورگن نے بھی صرف پانچ رنز کی اننگز کھیلی۔ روی بوپارا بھی لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور صرف 7رنز ہی بنا سکے۔ شاہد آفریدی نے دھواں دار اننگز کھیلی اور صرف 8گیندوں پر چار چھکے لگاکر 26 رنز بنائے۔

بابر اعظم نے 50 گیندوں پر چار چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے 66 رنز بنائے یہ بھی ٹیم کے کسی کام نہ آ سکے اور کراچی کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 8وکٹیں گنواکر 137 رنز بنا سکی اور پشاور زلمی نے یہ میچ 44 رنز سے باآسانی اپنے نام کرلیا۔

پشاور زلمی کی طرف سے ڈاؤسن نے تین،وہاب ریاض اور عمید آصف نے دو،دو جبکہ حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اسلام آباد ٹاپ پر

پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ 12 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 10 پوائنٹس ہیں جبکہ کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے 9،9،پشاور زلمی کے 8 اور لاہور قلندرز کے 6 پوائنٹس ہیں۔

XS
SM
MD
LG