رسائی کے لنکس

لاہور قلندرز کی پہلی کامیابی، ملتان سلطانز کو چھ وکٹوں سے شکست


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان سپر لیگ سیزن تھری کے 20ویں میچ میں شاہین شاہ آفریدی کی شاندار باؤلنگ کے باعث لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو با آسانی 6وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی۔

شاہین آفریدی نے صرف 4 رنز دے 5وکٹیں حاصل کیں۔

ملتان سطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 114رنز بنائے۔ لاہور قلندرز نے ہدف 4وکٹوں پر حاصل کرلیا۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنرز احمد شہزاد اور کمارسنگاکارا نے 61 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔

سنگا کارا 45رنز بناکر سنیل نارائن کی گیند پر ڈیویچ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

نئے بلے باز صہیب مقصود اور احمد شہزاد نے رنز کے سلسلے کو جاری رکھا اور دوسری وکٹ کی شراکت میں 36 رنز بناکر اسکور 97 رنز تک پہنچا دیا۔

احمد شہزاد 32رنز بناکر ہمت ہار گئے اور مک کلےنیگھن کی گیند پر گلریز صفدر کو کیچ دے بیٹھے۔

اگلی وکٹ کے لئےلاہور قلندرز کو زیادہ دیر انتظار نہیں کرنا پڑا اورمجموعی اسکور میں صرف5رنز کے اضافے پر صہیب مقصود کو سنیل نارائن نے کلین بولڈ کردیا۔

صہیب مقصود کے آؤٹ ہونے کے بعد ملتان سلطانز کی وکٹیں گرنے کا ایسا سلسلہ شروع ہوا جو اننگز کے اختتام پر ہی جاکر رکا۔

شاہین آفریدی نے اپنے ایک اوور میں پہلےشعیب ملک کو 3 پھر ویٹلے کو صفر اور آخر میں سیف بدر کو بھی بغیر کھاتہ کھولے پویلین کی راہ دکھائی۔

سہیل تنویر اور محمد عرفان کی وکٹیں بھی شاہین شاہ آفریدی کے حصے میں آئیں اور ملتان سلطانز کی پوری ٹیم 19اعشاریہ 4 اوورز میں 114رنز پر ڈھیر ہوگئی۔92رنز پر ملتان سلطانز کا ایک کھلاڑی آؤٹ ہوا تھالیکن 114 رنز پر پوری ٹیم ریت کی دیوار کی طرح زمین بوس ہو گئی۔ یوں اُس کی اگلی 9 وکٹیں اسکور میں صرف 22 کا اضافہ کرسکیں۔

17 سالہ شاہین شاہ نےجادوئی باؤلنگ کرتے ہوئے 3 اعشاریہ 4 اوورز میں صرف 4 رنز دے 5وکٹیں حاصل کیں۔ جو ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ میں کسی بھی بولر کاسب سے کم سکور پر 5 وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ ہے۔

سنیل نارائن نے 2 جبکہ سہیل خان اور مک کلے نیگھن نے ایک۔ ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

نسبتاً آسان ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندر کی اننگز کا آغا بھی اچھا رہا ۔ اوپنرز فخر زمان اور ڈیویچ نے 33رنز بنائے۔ڈیویچ 22رنز بناکر فخرزمان کا ساتھ چھوڑ گئے توفخر بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 16رنز بناکر پویلین کی راہ لی۔

نئے بیٹسمین آغا سلمان لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور صرف تین رنز بنانے کے بعد محمد عرفان کا شکار ہو گئے۔

ابتدائی وکٹیں جلد گرنے کے بعد گلریز صدف اور کپتان مک کولم نے رنز بنانے کی ذمے داری سنبھالی اور اسکورمیں 53رنز کا اضافہ کیا۔ گلریز صفدر 27رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

نئے بیٹسمین سہیل اختر اور مک کولم نے مزید کو ئی وکٹ گنوائے بغیر مطلوبہ ہدف 18اعشاریہ 4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی۔مک کولم 35 اور سہیل 11رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

آج کے میچ میں شکست کے باوجود ملتان سلطانز 9پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے 8، 8 کراچی کنگز کے 7، پشاور زلمی کے 6 اور لاہور قلندرز کے 2 پوائنٹس ہیں۔

XS
SM
MD
LG