رسائی کے لنکس

کراچی: تیز دھار آلے سے حملے، ملزم گوجرانوالہ سے گرفتار


ڈی آئی جی کراچی ایسٹ سلطان خواجہ کے مطابق، خواتین پر حملوں میں ملوث ملزم وسیم کو اس کے دوست شہزاد کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق، پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں پنجاب پولیس اور سندھ پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران ملزم کو گرفتار کیا گیا

کراچی میں خواتین کو تیز دھار آلے سے حملہ کرنے والے مبینہ ملزم وسیم کو گوجرانوالہ سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی کراچی ایسٹ سلطان خواجہ کے مطابق، خواتین پر حملوں میں ملوث ملزم وسیم کو اس کے دوست شہزاد کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق، پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں پنجاب پولیس اور سندھ پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم وسیم ہی کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں خواتین پر تیز دھار آلے سے حملہ کرکے زخمی کرتا رہا اور یہ معاملہ تقریباً ایک ماہ سے معمہ بنا ہوا تھا، جبکہ علاقے میں خواتین پر حملے کے واقعات سے بے حد خوف و ہراس پایا جاتا تھا۔

ملزم کا دوسرا ساتھی، شہزاد پہلے ہی پولیس کی تحویل میں ہے۔ عدالت نے ملزم کو سات روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔

پولیس کے مطابق، دونوں ایک دوسرے کے قریبی دوست ہیں اور جلد ہی وسیم کی شادی شہزاد کی بہن سے ہونا طے پائی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم وسیم اس سے قبل پنجاب کے شہر ساہیوال میں خواتین پر حملوں میں بھی ملوث تھا جسے ان مقدمات میں ضمانت شہزاد ہی نے دلوائی تھی۔

پولیس کے مطابق، ملزم شہزاد پہلے خواتین کی ریکی کرتا تھا اور پھر وسیم ان خواتین پر حملہ کرتا تھا۔ گرفتار مبینہ مرکزی ملزم کو گوجرانوالہ سے کراچی منتقل کیا جا رہا ہے، جس کے بعد اسے انسداد دہشتگردی کی منتظم عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

کراچی میں گلستان جوہر اور گلشن اقبال کے مختلف علاقوں میں ایک درجن سے زائد خواتین کو حملوں کا نشانہ بنایا جا چکا ہے۔ ان واقعات پر پولیس نے قاتلانہ حملے اور دہشتگردی کی دفعات کے تحت درج کئے گئے ہیں۔

پولیس کی جانب سے مبینہ ملزم کی گرفتاری کے بعد کی تصاویر بھی جاری کر دی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG